قرآن

   

ہم نے حکم دیا اُترجاؤ اس جنت سے سب کے سب ، پھر اگر آئے تمہارے پاس میری طرف سے (پیغام) ہدایت تو جس نے پیروی کی میری ہدایت کی اُنھیں نہ تو کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔اور جنھوں نے کفر کیا اور جھٹلایا ہماری آیتوں کو (تو) وہ دوزخی ہوں گے وہ اُس میں ہمیشہ رہیں گے۔اے اولاد یعقوب یاد کرو میرا وہ احسان جو کیا میں نے تم پر … (سورۃ البقرہ :۳۸۔۴۰) 
نیچے اُترنے کا حکم دوبار ہوا۔ پہلے لغزش کے صادر ہونے کے بعد، پھر قبول توبہ کے بعد۔ پہلے حکم سے ناراضگی کا اظہارمقصود تھا۔ اور دوسری بار منصب خلافت سنبھالنے کے لئے ۔ دونوں حکموں کی غرض وغایت الگ الگ ہے اس لیے یہاں تکرار نہیں۔تیسرے رکوع میں تمام اولاد آدم کو دعوت اسلام دی گئی اور توحید ورسالت کے دلائل پیش کئے گئے۔ چوتھے رکوع میں انسان کی پیدائش ، اسے زیور علم سے آراستہ کرنے اور منصب خلافت پر فائز کرنے کا ذکر فرمایا گیا۔ اور اب یہاں سے مسلسل کئی رکوعوں تک بنی اسرائیل کی اصلاح وہدایت کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ یہود کو خصوصی خطاب کرنے میں یہ مصلحت تھی کہ تمام اقوام عالم خصوصاً جزیرہ عرب کے باشندوں میں یہود کو ایک اہم مقام حاصل تھا۔ چار ہزار سال تک سلسلہ نبوت ان میں جاری رہا۔ ہزاروں نبی ان میں پیدا ہوئے ۔ جن کے باعث علم وحکمت میں کوئی قوم ان کی برابری کا دعویٰ نہیں کر سکتی تھی۔ ان کے گردونواح میں بسنے والے قبائل ان کی علمی برتری سے بہت مرعوب تھے۔ …جاری ہے