قرآن

   

بیشک اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے درود بھیجتے ہیں اس نبی مکرم پر ،اے ایمان والو! تم بھی آپ پر درود بھیجا کرو اور (بڑے ادب و محبت سے) سلام عرض کیا کرو۔(سورۃ الاحزاب :۵۶) 
گزشتہ سے پیوستہ … مسجد میں داخل ہوتے وقت اور نکلتے وقت : حضرت عبد اللہ بن حسن اپنی والدہ ماجدہ فاطمہ بنت حسین ؓاپنی دادی صاحبہ حضرت خاتون جنت سے روایت کرتے ہیں : قالت قال رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) اذا دخل المسجد صل علی محمد ثم قال اَللّٰہُمَّ اغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ، وَافْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ واذا خرج صل علی محمد وسلم ثم قال اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي ذُنُوبِي وَافْتَحْ لِي أَبْوَابَ فَضْلِكَ ۔دعا کرتے وقت: حضرت فاروق اعظم ؓسے مروی ہے کہ دعا میں جب تک درود پاک نہ پڑھا جائے وہ قبول نہیں ہوتی اور زمین وآسمان کے درمیان معلق رہتی ہے۔نماز کے بعد دعا سے پہلے : حضرت عبد اللہ فرماتے ہیں کہ میں نماز پڑھ رہا تھا۔ حضور کریم (ﷺ ) ، حضرت صدیق ؓاور حضرت فاروق اعظمؓ تشریف فرما تھے۔ جب میں نماز سے فارغ ہو کر بیٹھا تو پہلے میں نے اللہ تعالیٰ کی ثنا کی ، پھر میں نے درود پاک پڑھا پھر اپنے لئے دعا مانگنے لگا، تو حضور (ﷺ) نے فرمایا: اب مانگ! تجھے دیا جائے گا۔