مولانامحمدطارق نعمان گڑنگی
نبی پاک ﷺ نے ہجرت کے بعد ہرسال قربانی فرمائی ،کسی سال ترک نہیں کی اس سے مواظبت ثابت ہوتی ہے کہ لگاتارکرنااس سے وجوب بھی ثابت ہوا۔قربانی کے دنوں میں قربانی کرنابہت بڑاعمل ہے نبی پاک ﷺ نے فرمایا:قربانی کے دنوں میں قربانی سے زیادہ کوئی چیز اللہ پاک کومحبوب نہیں ،اورقربانی کرتے وقت خون کاجوقطرہ زمین پرگرتاہے وہ گرنے سے پہلے اللہ پاک کے ہاں مقبول ہوجاتا ہے ۔(مشکوٰ ۃ شریف)حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:اللہ تعالی کے نزدیک قربانی کے دن بندوں کے تمام اعمال میں پسندیدہ ترین عمل جانور کا خون بہانا ہے اور بندہ قیامت کے دن اپنی قربانی کے سینگوں، کھروں اور بالوں سمیت حاضر ہوگا اور قربانی کا خون زمین پر گرنے سے پہلے پہلے اللہ کی بارگاہ میں شرف قبول حاصل کرلیتا ہے، لہذا تمہیں چاہیے کہ خوش دلی سے قربانی کرو۔ (ترمذی، ابن ماجہ)رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:جو شخص استطاعت رکھنے (صاحب نصاب ہونے )کے باوجود قربانی نہیں کرتا وہ ہماری عیدگاہ کے قریب بھی نہ پھٹکے۔(ابن ماجہ، مسند احمد)
خوش نصیب مسلمان عیدقربان پہ اس فریضے کواداکرتے ہیں اور رب کی رضاء وخوشنودی حاصل کرتے ہیں اس بڑے فریضے کو ادا کرنے سے پہلے بہتر یہ ہے کہ اس کے متعلق اہم مسائل کوبھی سیکھ لیں اورپڑھ لیں ایسانہ ہوکہ کہیں قربانی بھی کرلیں اورنقص بھی واقع ہواللہ پاک ہماری قربانیوں اوردیگرعبادات کوقبول فرمائے ۔
بہیمۃ الانعام : اونٹ، گائے، بھینس، بھیڑ، بکری، دنبہ۔ ان جانوروں میں سے ہر ایک کی قربانی درست ہے، خواہ نر ہو یا مادہ یا خصی۔ ان کے سوا کسی دوسرے جانور کی قربانی درست نہیں، جیسے نیل گائے، ہرن وغیرہ۔
جانوروں کی عمریں: قربانی کے اونٹ کی عمر کم از کم پانچ سال، بیل، بھینس کی دو سال اور بھیڑ، بکری، دنبہ کی ایک سال ہونا ضروری ہے۔
قربانی کی کم از کم مقدار : قربانی کی کم از کم مقدار ایک چھوٹا جانور(بھیڑ، بکری)یا بڑے جانور(اونٹ، بیل، بھینس)کا ساتواں حصہ ہے۔
جن عیب دار جانوروں کی قربانی جائز نہیں : جس کا ایک یا دونوں سینگ جڑ سے اکھڑ گئے ہوں جس بھیڑ، بکری کی پیدائشی طور پر دم نہ ہو۔ اندھا جانور۔ ایسا کانا جانور جس کا کانا پن واضح نظر آتا ہو۔ اس قدر لنگڑا جو چل کر قربان گاہ تک نہ پہنچ سکتا ہو۔ ایسا بیمار جس کی بیماری بالکل ظاہر ہو۔ جس کے پیدائشی طور پر دونوں یا ایک کان نہ ہو۔جس کے دانت بالکل نہ ہوں یا اکثر گر جانے یا گھس جانے کی وجہ سے چارہ نہ کھاسکتا ہو۔ جسے مرض جنون اس حد تک لاحق ہوگیا ہو کہ چارہ بھی نہ کھاسکے۔ ایسا خارشی جانور جو بہت دبلا اور کمزور ہو۔ جس کی ناک کاٹ دی گئی ہو۔ جس بھیڑ، بکری کے ایک تھن کی گھنڈی (سر)جاتی رہی ہو۔ جلالہ یعنی جس جانور کی غذا صرف نجاست اور گندگی ہو۔ خنثی جانور جس میں نر و مادہ دونوں کی علامات ہوں۔
مستحباتِ قربانی: مستحب یہ کہ قربانی کا جانور خوب فربہ، خوبصورت اور بڑی جسامت کا ہو۔ چھوٹے جانوروں میں سب سے بہتر سینگوں والا سفید یا چتکبرا خصی مینڈھا ہے۔ مستحب یہ ہے کہ جانور کو تیز دھار آلہ سے ذبح کرے، کند چھری سے ذبح نہ کرے۔ مستحب یہ ہے کہ ذبح کرنے کے بعد اتنی دیر ٹھہر جائے کہ جانور کے تمام اعضا سے جان نکل جائے، جسم ساکن اور ٹھنڈا ہو جائے، ٹھنڈا ہونے سے پہلے کھال اتارنا یا گوشت کاٹنا مکروہ ہے۔ اگر اچھے طریقے سے ذبح کرنا جانتا ہو تو افضل یہ ہے کہ اپنے ہاتھ سے ذبح کرے۔ اگر خود تجربہ نہ رکھتا ہو تو بہتر یہ ہے کہ دوسرے سے ذبح کروائے مگر خود بھی موجود رہے۔
اللہ پاک سے دعا ہے کہ اللہ رب العزت ان عظیم عبادات کوقبول فرما۔ (آمین یارب العالمین بحرمۃ سیدالانبیاء والمرسلین)