پانچ افراد گرفتار ، لیاب ٹابس ، موبائل فونس ، رقم اور دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : قرض داروں کا رقمی استحصال کرتے ہوئے انہیں شدید ہراساں و پریشان کرنے والی ایک ٹولی کو سائبر کرائم راچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا اور 5 دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ پولیس دیویندر سنگھ چوہان نے بتایا کہ 22 سالہ اشوتوش مشرا ساکن گروگرام ، 19 سالہ لومیٹ سائنی ساکن پالم دہار ، 22 سالہ پرشانت کمار تنور ساکن ہریانہ ، 22 سالہ پرنس یال اور 22 سالہ ویکاس شرما ساکنان گروگرام کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 3 لیاب ٹاپ ، 6 موبائل فون 18 سم کارڈز 11 ڈیبٹ کارڈ اور دیڑھ لاکھ روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد چین کے باشندے ’ جینا ‘ کے اشارے پر کام کررہے تھے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق جینا نے انہیں لنکس روانہ کیا کرتا تھا اور آن لائن قرض حاصل کرنے والوں کی نجی تفصیلات اور تصاویر بھی دیا کرتا تھا ۔ گرفتار افراد کو ہراسانی اور پریشان کرنے کی ذمہ داری دی جاتی تھی جس کے ذریعہ یہ لوگ قرض حاصل کرنے والوں کو انتہائی درجہ تک ہراساں و پریشان کررہے تھے ۔ ان قرض داروں کی تصاویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے ہراساں کررہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ ایک شکایت گذار سے قرض حاصل کرنے کے لیے جس نے ہنڈی لون ایپ سے قرض لیا تھا اس کو پریشان کرتے ہوئے تقریبا ڈھائی لاکھ روپئے تک حاصل کرلیے اور اس کی تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے تصاویر کو وائرل کیا تھا ۔ پولیس راچہ کنڈہ نے ایسی ٹولیوں کے خلاف سخت کارروائی کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔۔ ع