غیر مجاز تعمیرات کی کوشش پر صدرنشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان کا اظہار برہمی
حیدرآباد۔16۔اکٹوبر(سیاست نیوز) قطب شاہی مسجد ملکم چیروو کے حدود میں داخل ہوتے ہوئے مندر کی تعمیر کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے قطب شاہی مسجد کی اراضی پر کی جانے والی تعمیرات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کی جملہ جائیداد کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور بورڈ کی منظورہ کمیٹی نے مسجد کے اطراف موجود اراضی کے تحفظ کے لئے حدبندی کی ہوئی ہے جسے آج توڑتے ہوئے مسجد کی اراضی میں داخل ہوتے ہوئے غیر مجاز تعمیر کی کوشش شروع کی گئی جس کی اطلاع ملتے ہی ضلع کلکٹر‘ کمشنر آف پولیس اور دیگر متعلقہ عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے سخت کاروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ کی ہدایت پر جناب خواجہ معین الدین ویجلنس آفیسر وقف بورڈ نے عہدیداروں کی ٹیم کے ساتھ مسجد اور مسجد کی اراضی پر ہونے والے تعمیری کاموں کو فوری طور پر رکواتے ہوئے غیر قانونی طور پر مسجد کے حدود میں داخل ہونے والوں کے خلاف شکایت درج کروائی اور محکمہ پولیس کے عہدیداروں کوتحریری طور پر حوالہ کی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ مسجد کے تحت موقوفہ اراضی پر ناجائز تعمیرات کی کوشش کرنے والوں پر جبری داخلہ اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوشش کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے کاروائی کی جائے۔ مسجد کمیٹی کی جانب سے دی گئی شکایت پر پولیس نے کاروائی کا تیقن دیا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے بتایا کہ موقوفہ اراضی پر اس طرح کی کسی بھی شرانگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے کہا کہ وقف بورڈ اس موقوفہ جائیداد کے تحفظ کے لئے اپنی مکمل ذمہ داری پوری کرے گا ۔ صدرنشین کی ہدایت پر جاریہ کاموں کو روک دیا گیا ہے لیکن مقامی عوام اور مسجد کے ذمہ داروں نے محکمہ مال اور محکمہ پولیس کے عہدیداروں کے رویہ کے خلاف شکایت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی محکمہ کے عہدیدارغیر جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے کے بجائے یکطرفہ کاروائی کی کوشش کر رہے ہیں۔م