واشنگٹن: امریکہ کے سینئر عہدیدار نے کہا ہیکہ قطر اور دیگر خلیجی ممالک کے درمیان تین برسوں سے جاری کشیدگی میں آئندہ چند ہفتوں میں مذاکرات سے بہتری آسکتی ہے۔نیوز ایجنسی ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار ڈیوڈ شینکر نے کہا کہ چند ہفتوں کے اندر ہی خلیجی ممالک کے آپس میں خراب تعلقات میں بہتری آسکتی ہے۔ واشنگٹن کے بروکنگز انسٹی ٹیوٹ میں ایک تقریب سے خطاب میں مشرق وسطیٰ کے لیے محکمہ خارجہ کے اعلیٰ سفارت کار نے احتیاط برتنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں ہوئی ہے، اس لیے جلد ہی کوئی حل نکلے گا۔ڈیوڈ شینکر کا کہنا تھا کہ ’میں اس حوالے سے سفارت کاری میں جانا نہیں چاہتا لیکن ایک تحرک ہے، میں کہوں گا کہ معاملہ چند ہفتوں کا رہ گیا ہے‘۔
یاد رہے کہ 6 جون 2017 کو سعودی عرب، مصر، بحرین، یمن، متحدہ عرب امارات اور مالدیپ نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات عائد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔