ہر چوراہے اور نکڑ پر عوام کی شرکت ، ٹریفک کی بحالی میں پولیس کو دشواریوں کا سامنا
حیدرآباد ۔16۔اگست (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آج 10 منٹ تک ٹریفک جیسے تھم گئی تھی۔ آزادی کی 75 سالہ تقاریب کے ضمن میں تلنگانہ حکومت نے آج ریاست گیر سطح پر قومی ترانہ کو پڑھنے کا اہتمام کیا تھا۔ صبح 11.30 بجے تمام اہم مقامات ، جنکشن ، چوراہوں ، سرکاری دفاتر ، تعلیمی اداروں الغرض ہر نکڑ پر عوام نے اس پروگرام میں والہانہ انداز میں شرکت کرتے ہوئے حب الوطنی کا ثبوت دیا۔ پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے تاکہ ہرچوراہے پر قومی ترانہ عوام کو سنائی دے سکے۔ پروگرام کے آغاز سے 5 منٹ قبل ٹریفک کو روک دیا گیا تھا اور قومی ترانہ پڑھے جانے کے بعد ٹریفک بحال ہوئی ۔ اس طرح تقریباً 10 منٹ تک حیدرآباد میں ہر شخص اپنے مقام پر ہی کھڑا رہا۔ حیدرآباد میٹرو ریل کو بھی ٹھیک 11.30 بجے روک دیا گیا تھا اور جہاں بھی ٹرین موجود تھی، وہیں پر روک دی گئی۔ ٹرین میں موجود مسافرین نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ گیا۔ میٹرو ریل اسٹیشنوں پر بھی اجتماعی طور پر ترانہ پڑھنے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ کئی مسافرین نے سوشیل میڈیا پر ٹرین میں قومی ترانہ پڑھتے ہوئے ویڈیو وائرل کیا ہے۔ مینجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل لمٹیڈ این وی ایس ریڈی نے پروگرام کی کامیابی پر مسافرین کو مبارکباد دی اور ان کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ یوں تو شہر میں 10 منٹ کیلئے ٹریفک تھم گئی تھی لیکن اسے مکمل طور پر بحال ہونے تقریباً ایک گھنٹہ سے زائد کا وقت لگا۔ لاء اینڈ آرڈر اور ٹریفک پولیس کو ٹریفک معمول پر لانے کیلئے کافی مشقت کرنی پڑی۔ عابڈس چوراہے پر مجسمہ نہرو کے دامن میں اہم تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں چیف منسٹر کے سی آر اور ریاستی وزراء نے شرکت کی۔ اس پروگرام کیلئے اطراف کے علاقوں میں ٹریفک پر تحدیدات عائد کی گئیں اور ٹریفک کا رخ دیگر علاقوں میں موڑ دیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں بھاری ٹریفک جام دیکھا گیا۔ عوام کی جانب سے ترنگا ریالیاں نکالی گئیں۔ ر