قومی سطح پر مودی حکومت کی بیدخلی کیلئے اپوزیشن کی مہم کا آغاز

   

27 ستمبر کو بھارت بند، سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کا بیان
حیدرآباد۔22 ۔ستمبر (سیاست نیوز) سی پی ایم کے قومی جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے کہا کہ ملک بھر میں نریندر مودی حکومت کے خلاف عوامی جدوجہد کا آغاز ہوچکا ہے اور یہ جدوجہد مودی کو اقتدار سے بیدخل کرنے تک جاری رہے گی ۔ سیتارام یچوری نے آج حیدرآباد میں اپوزیشن جماعتوں کے مہا دھرنا پروگرام میں شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تحفظ کے لئے نریندر مودی حکومت کا اقتدار سے بیدخل ہونا ضروری ہے۔ ملک بھر میں اپوزیشن جماعتوں میں مشترکہ طور پر احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے اعلان کردہ عوامی جدوجہد اب مزید شدت اختیار کرے گی ۔ سیتارام یچوری نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی ہندوستانی دستور کے اہم ستونوں کو نقصان پہنچارہے ہیں۔ عوامی شعبہ کے اداروں کو حکومت سے قربت رکھنے والے صنعت کاروں کو فروخت کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کورونا وباء سے روزگار سے محروم ہونے والے خاندانوں کو ماہانہ 7,500 روپئے کی امداد کا مطالبہ کیا۔ سیتارام یچوری نے 27 ستمبر کے بھارت بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے وزیراعظم کے بیرونی دورہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی کو خفیہ ایجنڈہ عوام میں پیش کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کسی مفاد یا موقتی طور پر نہیں ہے بلکہ ملک کو بی جے پی سے نجات دلانے کی جدوجہد شروع کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ 7 برسوں میں عوام کے مفادات کے خلاف کام کیا ہے جس کے نتیجہ میں نہ صرف مہنگائی بلکہ بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ R