لارا مسلسل ناکامیوں سے مایوس

   

نئی دہلی۔ جاری آئی پی ایل 2023 میں اپنی ٹیم کی ایک اور شکست کے بعد سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ) کے کوچ برائن لارا نے کہا کہ انہیں ٹورنمنٹ کے اس مرحلے پر پوائنٹس ٹیبل پر اونچے مقام پر ہونا چاہئے تھا لیکن ٹیم کو کئی مقابلوں میںکامیابی کے موقف میں ہونے کے باوجود شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں رواں ایونٹ کے 58 ویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد کو شکست دینے کے بعد لکھنؤ سوپر جائنٹس نے دو شکستوں اور بے نتیجہ ہونے والے مقابلے کے باوجود ٹاپ 4 میں شامل ہونے کے لیے ایک اہم جیت درج کی۔ مارکس اسٹونیس (25 گیندوں پر 40 رنز) اور نکولس پوران (13گیندوں پر 44 رنز ناٹ آؤٹ) اور پریرک مانکڈ نیکی ناٹ آؤٹ 64 اننگز کی بدولت سن رائزرز کے خلاف سات وکٹوں سے جیت حاصل کی۔ لارا نے مزید کہا کہ حیدرآباد کئی مقابلوں میں کامیابی کے بہت قریب تھا لیکن ناکامیوں نے مایوس کردیا ۔پرعزم لارا نے کہا کہ ہمارے پاس تین مقابلے باقی ہیں اور ہمیں ان تینوں مقابلوں میں نتائج حاصل کرنے کے لیے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی۔ یہ ایونٹ ختم نہیں ہوا ہے اور مجھے وقت سے پہلے شکست قبول کرنے اور رویوں میں کمی دیکھنے سے نفرت ہوگی۔ میں اسے اتنا ہی پر امید رکھنا چاہوں گا کچھ بھی ممکن ہے اور دیکھیں کہ کیا ہم باقی مقابلوں میں جیت حاصل کر تے ہوئے کس طرح حالات کو بدل سکتے ہیں۔لارا کو امید ہے کہ باقی مقابلوں میں ٹیم بہتر مظاہرہ کرے گی اور متوقع نتائج حاصل کرے گی۔