بنگلور۔17اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈاون کے درمیان ہندوستانی ہاکی ٹیم کے تجربہ کار فارورڈ ایس وی سنیل کا خیال ہے کہ اس دوران ٹیم کو اپنی کارکردگی بہتر کرنے کا موقع ملے گا۔کورونا کے خطرے کو دیکھتے ہوئے ملک بھر میں کھیل سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں اور اس دوران کھلاڑی اپنے گھر یا ٹریننگ سینٹر پر رہ کر ٹریننگ کر رہے ہیں۔سنیل نے کہاکہ ہم یہاں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی ) میں گزشتہ ایک ماہ سے زیادہ وقت سے رہ رہے ہیں اور میرے خیال سے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ عملے کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا ٹیم کے لئے اچھا ہے۔ ہم اس دوران اپنے ماضی کی کارکردگی کا تجزیہ کر رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ کھیل شروع ہونے سے پہلے یہ ہماری کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ہندوستانی ٹیم ٹوکیو اولمپک کے لئے کوالیفائی کر چکی ہے جو 2021 تک ملتوی کئے جا چکے ہیں۔ ایف آئی ایچ کی پرو لیگ بھی اس وقت ملتوی ہے۔ اولمپک ملتوی ہونے کے وقت ہندوستانی ٹیم بنگلور واقع سائی سینٹر میں ٹریننگ کر رہی تھی۔ ملک میں لاک ڈاون کی وجہ سے ہاکی ٹیم سینٹر میں رہ گئی ہے۔ کھلاڑی کورونا کے متعلق ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔اگلے ماہ 31 سال کے ہونے جا رہے سنیل نے کہاکہ ہمیں لگ رہا تھا کہ لاک ڈاون کی مدت بڑھے گی اور کورونا کے خطرے کو دیکھتے ہوئے یہ ضروری بھی ہے کیونکہ اس سے نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کو خطرہ ہے۔سنیل اپنی بیوی اور خاندان سے محض 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں لیکن حالات کو دیکھتے ہوئے وہ ان سے نہیں مل سکتے۔ سنیل نے کہاکہ زیادہ ترکھلاڑی اپنے خاندان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں اور میرا گھر بھی یہاں سے زیادہ دور نہیں ہیں۔سنیل نے کہاکہ گھر کے قریب ہونے کے باوجود میں نے اور میری بیوی نے طے کیا ہے کہ خاندان کی بھلائی کے لئے ہم فی الحال الگ رہیں اور ہدایات پر عمل کریں۔ میں اپنی بیوی اور بیٹی کو یاد کرتا ہوں لیکن حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں ایسے ہی چلنا ہوگا۔کورونا کے خطرے پر انہوں نے کہاکہ مجھے یاد ہے کہ 2010 اور 2018 ورلڈ کپ سے پہلے میں زخمی ہوگیا تھا اور دونوں ہی مواقع پر ٹورنمنٹ نہیں کھیل پایا تھا لیکن اگر میں اس حالت سے اس کا موازنہ کروں تو میں کافی خوش قسمت تھا جسے صرف چوٹ لگی تھی اور جان کا خطرہ نہیں تھا۔ میں امید کرتا ہوں کہ تمام لوگ اپنا خیال رکھیں اور ایسے مشکل دور میں متحد رہیں۔ یہ وقت جلد ہی گزر جائے گا۔اولمپکس 2021 تک ملتوی کئے جانے کے بارے میں سنیل نے کہاکہ ہم نے گزشتہ چار سال اولمپکس کے لئے کافی محنت کی لیکن آخر میں اسے ملتوی کرنا پڑا لیکن ہمیں حالات کے حساب سے چلنا ہو گا جس کے لئے ہم تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب اولمپکس کے لئے اچھا خاصا وقت بچا ہے جس کا مطلب ہے کہ ہمارے پاس تیاریوں کے لئے کافی وقت ہے۔ ہم اس دوران اپنے کھیل کو بہتر بنا سکتے ہیں۔سنیل نے کہاکہ مجھے ہاکی کھیلے کافی وقت ہو گیا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ سب کچھ جلد ہی عام ہو جائے گا اور تمام لوگ وہ سب کریں گے جو انہیں پسند ہے اور میں جلد ہی میدان پر واپسی کروں گا۔