لمبنی پارک اور گوکل چاٹ دھماکوں کے ملزمین کی ہائیکورٹ میں اپیل

   

Ferty9 Clinic

سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کی درخواست، ملزمین کی صحت اور حالت کا جائزہ لینے دو ماہرین کا تقرر
حیدرآباد ۔ 19۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں 25 اگست 2007 کو لمبنی پارک اور گوکل چاٹ میں بم دھماکوں کے ملزمین نے خصوصی عدالت کی جانب سے سزا کو تلنگانہ ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کی اپیل کی ہے ۔ بم دھماکوں میں 42 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے تھے ۔ دھماکوں میں انڈین مجاہدین کے ملوث ہونے کا تحقیقات میں پتہ چلا تھا۔ این آئی اے کی خصوصی عدالت نے 2018 میں فیصلہ سناتے ہوئے دو ملزمین کو موت کی سزا سنائی ۔ خصوصی عدالت کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی جس میں سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی۔ ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ نے آج سماعت کے دوران ملزمین کی ذہنی کیفیت ، صحت اور ان کے رویہ کا جائزہ لینے کیلئے میٹیگیشن انویسٹیگیٹرس کے تقرر کی ہدایت دی ہے۔ یہ دونوں تفتیش کار جیل میں قید ملزمین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی نفسیاتی حالت صحت اور ان کے جرائم سے دور رہنے کے جذبہ کا جائزہ لیتے ہوئے عدالت میں رپورٹ پیش کریں گے۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت کو دوسرے بنچ منتقل کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا اور کہا کہ موجودہ بنچ پر ہی سماعت جاری رہے گی۔ اس مقدمہ کے اہم ملزمین میں شامل ریاض بھٹکل ابھی بھی مفرور بتایا جاتا ہے۔1