لمپی اسکن وائرس 15 ریاستوں تک پھیل گیا،ایک لاکھ مویشی ہلاک

   

نئی دہلی : ملک کی 15 ریاستوں میں مویشیوں میں لمپی اسکن کی بیماری پھیلنے سے تقریبا ایک لاکھ گائے اور بھینسیں ہلاک جبکہ 20لاکھ سے زیادہ متاثر ہیں۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوی ایٹڈ پریس کے مطابق لمپنی اسکن کا وائرس کم از کم 15 ریاستوں میں پھیل چکا ہے جہاں گزشتہ 3 ہفتوں میں گائے اور بھینسوں میں ہلاکتوں کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔اس وائرس سے متاثر ہونے سے نہ صرف جانور کی موت واقع ہو سکتی ہے بلکہ دودھ کی پیداوار بھی متاثر ہوتی ہے اور جانور میں کمزوری کے باعث بچہ پیدا کرنے میں بھی مسائل سامنے آتے ہیں۔ لمپی سکن کا وائرس کیڑوں سے پھیلتا ہے جو مچھروں یا چچڑوں کی طرح خون چوستے ہیں۔ اس سے متاثرہ گائے اور بھینسوں کو بخار کے بعد جلد پر پھوڑے بن جاتے ہیں۔اس وائرس سے چھوٹے کسان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جنہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کے لیے مویشی پالنے کو ترجیح دی۔ چندی گڑھ میں ماہر زراعت دویندر شرما کا کہنا ہے کہ لمپیا سکن کی بیماری ایک انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے جو گزشتہ سالوں میں بڑھا ہے۔