لنگم پیٹ میں محفل سماع و جشن غوث الوریٰ

   

مشیر حکومت محمد علی شبیرو دیگر قائدین کی شالپوشی و گلپوشی
یلاریڈی ۔16 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) لنگم پیٹ مستقر پر الحاج معین احمد قادری ہائی کورٹ ایڈوکیٹ نے 15 اکٹوبر منگل کی شب اپنے وسیع ترین فارم ہاؤز پر بڑے ہی عقیدت و احترام کیساتھ گیارہویں شریف کے موقع پر جشن غوث الوریٰ ومحفل سماع کا شاندار پیمانہ پر اہتمام کرتے ہوئے حضرت سیدنا غوث اعظم دستگیرؒ کو بہترین کلام سے خراج عقیدت پیش کیاگیا ۔ محفل سماع رات دیر گئے تک جاری رہی جس میں بلا لحاظ مذہب ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ تمام فارم ہاؤز کو رنگ برنگی برقی قمقموں سے اور پھولوں سے دلکش انداز میں سجایا گیا جس میں وکلاء ، ڈاکٹرس، صحافیوں، عہدیداروں، پولیس کے اعلی عہدیداروں کے علاوہ ریاستی حکومت کے مشیر و ریاستی سابق وزیر جناب محمد علی شبیر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی ۔ ضلع کانگریس پارٹی صدر کیلاش سرینواس و دیگر مختلف علاقوں کے سیاسی قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر حکومت کے مشیر محمد علی شبیر کو معین احمد قادری نے شال پوشی و گلپوشی کرتے ہوئے محفل غوث الوریٰ میں والہانہ استقبال کیا ۔ واضح رہے کہ جناب معین احمد قادری خدمت خلق کے علاوہ بلا لحاظ مذہب و ملت سماجی کاموں کے ذریعہ ضلع بھر میں اپنا ایک الگ مقام رکھتے ہیں ، اُن کی بے لوث مثالی خدمات عرصہ دراز سے جاری ہے ۔ اس موقع پر محمد عبدالقدیر، محمد عبدالوہاب، صبور صدیقی موظف، محمد شاداللہ، محمد غلام، شیخ غیاث الدین سابق zptc ، یلاریڈی محمد عبدالقیوم اور دیگر نامور شخصیتوں نے گیارہویں شریف میں شرکت کی ۔ تمام مہمانوں کیلئے فارم ہاؤز پر عشائیہ کا بھی انتظام رکھا گیا۔ تمام مہمانوں کا استقبال جناب محمد مشید احمدقادری۔ محمد مفید احمد قادری نے کیا۔