لیچی کے طبی اور غذائی فوائد

   

لیچی ایک نرم،سفید گلابی رنگ کا گودے دار پھل ہے،جسے عام طور پر تازہ کھایا جاتا ہے۔اس کا گودا خوشبودار ہوتا ہے ۔ اس میں وٹامن بی کمپلیکس،فائبر اور فائٹو نیوٹرینٹ فلیوونائڈز کی اچھی مقدار پائی جاتی ہے،جو میٹابولزم ، چربی ، پروٹین اور کاربوہائیڈریٹ کو بڑھاتی ہے۔لیچی فالج اور ہارٹ اٹیک کے خطرے کو کم کرتا ہے۔اس میں پانی کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے یہ گرم موسم میں انسان کو ہائیڈریٹ رکھنے کیلئے ایک بہترین پھل ہے۔ لیچی کے طبی اور غذائی فوائد کے بارے میں ذکر کیا جا رہا ہے۔
قوت مدافعت:وٹامن سی سے بھرپور لیچی میں ایسکوربک ایسڈ (اے بی اے) کی روزانہ کی ضرورت کا 100 فیصد سے زیادہ ہوتا ہے جو آپ کی قوت مدافعت کو بڑھانے کیلئے غیر معمولی طور پر اچھا کام کرتا ہے۔وٹامن سی وائٹ بلڈ سیل کی سرگرمی کو متحرک کرتا ہے جو جسم کو بیرونی مضر اثرات سے بچاتا ہے۔
نظامِ انہضام:لیچی غذائی فائبر سے بھری ہوئی ہے۔یہ فائبر،نظامِ انہضام کے ذریعے آنتوں کی حرکت کو منظم کرتے ہیں۔یہ اسٹول میں بھی زیادہ اضافہ کرتا ہے اور قبض اور پیٹ کے دیگر مسائل کیلئے حیرت انگیز کام کر سکتا ہے۔یہ گیسٹرک اور ڈائجسٹو جوس کو بھی متحرک کرتا ہے،جو غذائی اجزا کو موثر طریقے سے جذب کرنے کو فروغ دیتا ہے۔
خون کی روانی :لیچی میں کاپر کی زیادہ مقدار ہمارے جسم میں دوران خون کو بڑھانے میں مدد دیتی ہے۔آئرن کی طرح،کاپر بھی سرخ خون کے خلیات کی تشکیل کا ذمہ دار ہے ۔ زیادہ آر بی سی کا مطلب خون کی بہتر گردش اور اعضاء اور خلیوں کی آکسیجن میں اضافہ ہے۔لیچی میں غذائی فائبر کی مقدار بھی زیادہ ہوتی ہے،جو اسے دل کی صحت کو فروغ دینے والی بہترین غذائیت ثابت کرتی ہے۔
بلڈ پریشر:لیچی سیال کے توازن کو برقرار رکھتے ہوئے ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔یہ مینگنیز ، میگنیشیم ، کاپر ، آئرن اور فولیٹ فراہم کرتی ہے،جو بلڈ پریشر کو برقرار رکھتے ہیں۔اس میں پوٹاشیم کی زائد اور سوڈیم کی کم مقدار ہوتی ہے،اس سے بھی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ پوٹاشیم شریانوں اور خون کی نالیوں کی تنگی کو کم کرتا ہے۔