مئیر بلدیہ نیلور کو رکن قانون ساز کونسل نامزد کرنے کا تیقن

   

صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو سے عبدالعزیز کی ملاقات

حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سینئیر قائد تلگو دیشم پارٹی و مئیر بلدیہ نیلور میونسپل کارپوریشن مسٹر عبدالعزیز کو آندھرا پردیش ریاستی قانون ساز کونسل کے رکن نامزد کرنے کا قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر ین چندرا بابو نائیڈو نے آج واضح تیقن دیا ہے ۔ اس طرح مسٹر عبدالعزیز کے رکن آندھرا پردیش ریاستی قانون ساز کونسل منتخب ہونے کا قوی امکان پایا جاتا ہے ۔ مسٹر عبدالعزیز مئیر بلدیہ میونسپل کارپوریشن نیلور نے آج چیف منسٹر آندھرا پردیش سے راجدھانی امراوتی میں ملاقات کی تھی ۔ اس موقعہ پر انہوں نے مسٹر ین لوکیش سے بھی ملاقات کی اور دوران ملاقات مسٹر عبدالعزیز کی چیف منسٹر کے ساتھ ہوئی بات چیت کے موقعہ پر مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے انہیں کونسل رکنیت کے لیے منتخب کرنے کا واضح تیقن دیا ۔ مسٹر عبدالعزیز نے پر زور الفاظ میں کہا کہ ریاست میں آئندہ دنوں منعقد ہونے والے اسمبلی و لوک سبھا انتخابات سے قبل انہیں رکن کونسل منتخب کرنے کا چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے واضح طور پر تیقن دیا ہے جب کہ حقیقت تو یہ ہے کہ مسٹر عبدالعزیز نیلور سٹی سے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں اور توقع کے ساتھ ہی انہوں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن بدلتے ہوئے سیاسی حالات کے پیش نظر کسی صورت میں نیلور شہر سے تلگودیشم پارٹی امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے موجودہ وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر نارائنا کو حلقہ اسمبلی نیلور سے پارٹی امیدوار بنانے کا فیصلہ کرنے کا خود مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ہی اظہار کیا ہے جس کے پیش نظر مئیر بلدیہ نیلور میونسپل کارپوریشن مسٹر عبدالعزیز نے اپنی کسی قسم کی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کم از کم حلقہ اسمبلی نیلور ( رورل ) سے پارٹی ٹکٹ فراہم کرنے کی خواہش کی تھی لیکن وہ بھی ممکن نہیں ہوسکا اور ضلع نیلور میں مسٹر عبدالعزیز کو اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ فراہم کرنے کے لیے مسلمانوں کے مطالبہ میں زبردست اضافہ ہوا اور پارٹی پر دباؤ بڑھ گیا اور ضلع نیلور میں پائے جانے والے حالات سے صدر ضلع تلگو دیشم پارٹی مسٹر جی روی چندرا نے چیف منسٹر کو مکمل صورتحال سے واقف کروایا اور کہا کہ ضلع نیلور میں مسلمانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور ساتھ ہی ساتھ ریاستی وزراء مسرس ایس چندرا موہن ریڈی ، نارائنا کے علاوہ سابق وزیر مسٹر اے پربھاکر ریڈی نے بھی مئیر بلدیہ نیلور میونسپل کارپوریشن مسٹر عبدالعزیز کے ساتھ انصاف کرنے کی چیف منسٹر سے پر زور خواہش کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر ین چندرا بابو نائیڈو نے جاریہ ماہ 9 فروری کو ضلع نیلور کا دورہ کیا تھا اور اپنے اس دورہ کے موقعہ پر مسٹر عبدالعزیز کو طلب کر کے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے علحدگی میں تفصیلی بات چیت کی اور 15 فروری کو امراوتی آنے اور ان سے ملاقات کرنے کی مسٹر عبدالعزیز کو ہدایت دی تھی اور اس ہدایت کی روشنی میں ہی مئیر نیلور میونسپل کارپوریشن مسٹر عبدالعزیز نے ریاستی راجدھانی امراوتی پہونچکر مسٹر ین چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور اپنی خواہش کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے مطالبہ سے چیف منسٹر کو واقف کروایا جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے بالآخر قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے انہیں اس بات کا واضح تیقن دیا کہ انہیں رکن آندھرا پردیش ریاستی قانون ساز کونسل نامزد کیا جائے گا ۔۔