ماسٹر کارڈ اور ہونڈائی کی تلنگانہ میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری

   

ڈاؤس میں کے ٹی آر سے کمپنی نمائندوں کی ملاقات،جی ایم ایم نے 10 ملین ڈالر کا معاہدہ کیا
حیدرآباد۔26۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے سلسلہ میں کئی اہم کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ میں کامیابی ملی ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کیلئے ڈاؤس میں مقیم کے ٹی راما راؤ سے آج مزید تین بین الاقوامی کمپنیوں نے ملاقات کرکے تلنگانہ میں سرمایہ کاری سے اتفاق کیا۔ ماسٹر کارڈ ، جی ایم ایم پاڈلر اور ہونڈائی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کیلئے تلنگانہ حکومت کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ۔ ماسٹر کارڈ نے ڈیجیٹل تلنگانہ کے تحت سرگرمیوں کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عوامی خدمات کو بہتر بنانے عصری ٹکنالوجی کے ذریعہ حکومت سے تعاون کیا جائیگا ۔ کمپنی چھوٹی و متوسط صنعتوں کے قیام اور کسانوں کے حق میں کام کریگی۔ ماسٹر کارڈ ڈیجیٹل اسٹیٹ پارٹنرشپ کے تحت زرعی پیداوار کی منتقلی ، سائبر سیکوریٹی اور ڈیجیٹل لیٹریسی کے شعبہ میں حکومت کے ساتھ کام کریگی۔ کمپنی نائب صدرنشین مائیکل فرومین نے کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی ۔ اسی دوران جی ایم ایم پاڈلر کمپنی میں 10 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری سے حیدرآباد میں گیس لائین آلات کی تیاری یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کیمیکل، فارما ، فوڈ اور توانائی کے شعبہ میں یہ کمپنی بین الاقوامی شہرت رکھتی ہے۔ ہونڈائی گلوبل نے تلنگانہ میں 1400 کروڑ کی سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے کمپنی نمائندوں سے ملاقات کے بعد کہا کہ گاڑیوں کی تیاری کے شعبہ میں سرمایہ کاری سے تلنگانہ میں صنعتی ترقی میں اضافہ ہوگا۔ ہونڈائی کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر یون گوچ نے کے ٹی راما راؤ و پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز جیش رنجن سے ملاقات کی اور یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے ۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے بین الاقوامی کمپنیوں نے غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ر