مافیا عناصر وزیر اعلیٰ یوگی کا کرتے ہیں استقبال: اکھلیش

   

لکھنؤ:سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے اتوار کو الزام لگایا کہ اتر پردیش میں تمام غیر قانونی تعمیراتی کام بی جے پی لیڈروں کے ہیں اور مافیا عناصر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا اپنے پروگراموں میں خیرمقدم کرتے ہیں۔ سیتا پور میں سابق ضلع پنچایت صدر مہیندر ورما کی پہلی برسی پر محمود آباد میں ان کے مجسمے کی نقاب کشائی کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یادو نے کہا، ”بی جے پی آئین اور قانون کی پیروی نہیں کرتی ہے۔ آج اتر پردیش میں جو بھی غیر قانونی تعمیرات ہو رہے ہیں وہ بی جے پی لیڈروں کے ہیں۔ وزیر اعلیٰ دورے پر جاتے ہیں تو مافیا ان کا استقبال کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ‘وزیر اعلیٰ نے خود اپنے خلاف درج مقدمات واپس لے لیے اور نائب وزیر اعلیٰ کے مقدمات بھی واپس لے لیے، یہی وجہ ہے کہ ایس پی کے مسلسل مطالبے کے باوجود حکومت ریاست کے ٹاپ 100 مافیاز کی فہرست جاری نہیں کر رہی ہے۔’