مالدار ریاست کو سابق بی آر ایس حکومت نے قرض میں ڈبودیا: سوندرا راجن

   

ریونت ریڈی کی ستائش ، کانگریس کی کامیابی پر عوامی فیصلہ کا خیرمقدم، منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 8 ۔ فروری (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے خطبہ میں مالیاتی بے قاعدگیوں کے لئے سابق کے سی آر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ گورنر نے اپنے خطبہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی بھرپور ستائش کی اور عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے پرجا وانی پروگرام کو سراہا۔ گورنر نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لئے اس وقت کی یو پی اے حکومت ، اس وقت کے وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور تشکیل تلنگانہ میں پس پردہ حرکیاتی رول ادا کرنے پر سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا۔ گورنر نے الیکشن میں کانگریس کی کامیابی کو عوام کی اجتماعی دانشمندی سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے نئی حکومت کو غیر معمولی محبت اور بے انتہا جوش و جذبہ کے ساتھ ووٹ دیا ہے۔ مالیاتی ابتر صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ حکومت مالیاتی ضابطہ اخلاق اور شفافیت کو بحال کرنے کی پابند عہد ہے۔ حکومت نے گزشتہ اسمبلی اجلاس میں معاشی صورتحال پر وائیٹ پیپر پیش کیا تھا جس میں سابق حکومت کی جانب سے سرکاری مالیہ کے ساتھ روا رکھے گئے نااہلی اور بے دردی کے رویہ کی عکاسی کرتا ہے۔ تلنگانہ کی حکومت نے سابق حکومت کو ایک مالدار ریاست سپرد کی تھی اور 10 سال بعد انہوں نے ہمیں قرض میں ڈوبی ہوئی ریاست حوالے کی ہے۔ عوام پر اضافی بوجھ کے بغیر ہی ریاست کی مالی صورتحال کو بہتر بنانے حکومت کا چیلنج ہے۔ 1