کولکاتا: مالدہ ضلع میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران راہول گاندھی کی کار پر مبینہ طور پر حملہ کیا گیا ہے ۔راہول گاندھی بہار کے کٹیہار ضلع سے مالدہ میں داخل ہوئے ہیں۔کار میں سوار ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ کالی گاڑی پر کسی نے اینٹ سے حملہ کیا۔ اس کی وجہ سے شیشہ ٹوٹ گیا ہے۔ بنگال میں راہول گاندھی کو یاترا کے دوران مختلف مسائل پیش آرہے ہیں۔بنگال میں یاترا پہنچنے کے بعد سے ہی رکاوٹوں کا سامنا ہے ۔کوچ بہار میں راہول گاندھی کو یاترا کرنے کی اجازت نہیں تھی ۔دراصل بنگال حکومت کا دعویٰ ہے کہ چوں کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی شمالی بنگال کے دورے پر ہیں، اس لئے راہول گاندھی کو سرکاری گیسٹ ہائوس فراہم نہیں کئے جارہے ہیں ۔کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مرشد آباد ضلع میں یاترا کے داخل ہونے کے بعد اسٹیڈیم میں کھانے کے انتظامات کیلئے اجازت طلب کی گئی تھی مگر انتظامیہ نے اجازت نہیں دی۔کانگریس کا دعوی ٰ ہے کہ نہ صرف انتظامیہ کی طرف عدم تعاون کا سامنا ہے بلکہ راہول گاندھی کے پوسٹر اور بیانر بھی ہٹائے جارہے ہیں۔