کرناٹک میںخواتین کو ایک لاکھ کے بلاسودی قرض کا وعدہ
بنگلورو:کرناٹک اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس گاندھی نے جمعرات کو کرناٹک کے اڈوپی ضلع کے کاپو میں انتخابی تشہیر کے دوران کچھ اہم وعدے کیے۔ انھوں نے انتخابی تشہیر کے دوران ماہی گیر طبقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت بنی تو ماہی گیروں کے لیے 10 لاکھ روپے کے انشورنس کا انتظام کیا جائے گا۔ ساتھ ہی یہ بھی وعدہ کیا کہ مچھلی پکڑنے والی خواتین کو ایک لاکھ روپے کا بلاسودی قرض دیا جائے گا اور ساتھ ہی 500 لیٹر ڈیزل پر 25 روپے فی لیٹر کے حساب سے سبسیڈی دی جائے گی۔راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ بدعنوانی اور مہنگائی کی وجہ سے ماہی گیروں کو بہت نقصان ہو رہا ہے۔ حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ ماہی گیروں کے لیے بینک سے قرض حاصل کرنا دشوار ہو گیا ہے۔راہول گاندھی نے ماہی گیروں کو بھروسہ دلایا کہ وہ کانگریس کی حکومت بنتے ہی پہلی کابینہ میٹنگ میں اس کو نافذ کر دیں گے۔واضح رہے کہ راہل گاندھی نے کرناٹک اسمبلی انتخاب کے پیش نظر پہلے ہی چار اہم ’گیارنٹی‘ کا اعلان کیا ہوا ہے۔ انھوں نے ریاست میں برسراقتدار ہونے پر سبھی گھروں کو ’گرہ جیوتی یوجنا‘ کے تحت 200 یونٹ مفت بجلی، ہر کنبہ کی خاتون سرپرست کو ’گرہ لکشمی یوجنا‘ کے تحت 2000 روپے ماہانہ مدد، ’اَنّ بھاگیہ یوجنا‘ کے تحت بی پی ایل کنبہ کے ہر رکن کو 10 کلو چاول مفت، گریجویٹ نوجوانوں کے لیے ہر ماہ 3000 روپے اور ڈپلومہ ہولڈرس کے لیے 1500 روپے دو سال کے لیے دینے کا وعدہ کیا ہے۔