عوام پارٹی میں اختلافات کی افواہوں پر یقین نہ کریں: اسد اویسی
حیدرآباد 8 نومبر ( سیاست نیوز) صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے کہا کہ انتخابات کے بعد چارمینار حلقہ میںسڑکوں کی توسیع اور مرمتی کاموں کا آغاز ہوگا ۔ انہوں نے ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پارٹی میں اختلافات یا پھوٹ کی میڈیا اطلاعات پر یقین نہ کریں۔ پارٹی کیلئے اصل ترجیح چارمینار نشست پر کامیابی حاصل کرنا ہے ۔ اس کیلئے ہم اپنے امیدوار کے ساتھ مہم میں حصہ لیں گے ۔ تمام کارپوریٹرس کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقہ پر توجہ مرکوز کریں تاکہ پارٹی کے پیام کو عوام تک پہونچیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے چار ۔ پانچ سال میں کچھ ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوا ہے جن میں دیوڑھی خورشید جاہ ‘ سردار محل اور خلوت کمیونٹی ہال وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اہم مقامات پر سڑکوں کی توسیع اور دوسرے کام انتخابات کے بعد شروع کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات کا موسم ہے ۔ دوسری جماعتوں کے قائدین آئیں گے اور وعدے کرتے ہوئے ووٹ مانگیں گے ۔ انہوں نے تاہم عوام سے اپیل کی کہ وہ ووٹ کا فیصلہ کرتے وقت محتاط رہیں۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو بھی تلقین کی کہ وہ انتخابی تقاریر میں اپنے الفاظ کا خیال رکھیں کیونکہ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کہیں سے کوئی اشتعال انگیزی ہوتی ہے تو پولیس سے رجوع ہونا چاہئے یا انہیں اطلاع دی جانی چاہئے ۔ کارپوریٹرس کو چاہئے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جماعت کا پیام پہونچائیں ۔
انتخابی مصارف کے خصوصی مبصر کے ٹیلی فون نمبرس کی اجرائی
حیدرآباد ۔8۔نومبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے امیدواروں کے انتخابی مصارف پر نظر رکھنے کیلئے ریٹائرڈ آئی آر ایس عہدیدار بی آر بالا کرشنن کو خصوصی مبصر مقرر کیا ہے ۔ رائے دہندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امیدواروں کی جانب سے رقومات کی تقسیم یا پھر دیگر انتخابی اخراجات کے سلسلہ میں کوئی بھی شکایت خصوصی مبصر سے فون نمبر 7670839762 پر کریں۔ الیکشن کمیشن نے عوام کی سہولت کیلئے مبصرین کے ٹیلی فون نمبرس جاری کئے ہیں۔ ریٹائرڈ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کو بھی انتخابی مبصرین کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔