متھن چکرورتی کو ثقافتی مشیر مقرر کیا جائیگا:شوبھندو ادھیکاری

   

کولکاتا، 4 ستمبر (یو این آئی) مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے کہا ہے کہ فلم اداکار متھن چکرورتی کو ریاستی حکومت کا ثقافتی مشیر مقرر کیا جائے گا۔ادھیکاری نے جمعہ کو یہاں نیو ٹاؤن میں 25 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اتم کمار فلم مرکز کے لیے بھومی پوجن کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس مرکز میں سنیما ہال، 1,000 نشستوں والا آڈیٹوریم، کھلے آسمان تلے تھیٹر اور اینیمیشن، بصری اثرات اور فلم کے بعد از تیاری کے کام کی سہولتیں ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ تقریب میں اداکار متھن چکرورتی، پروسین جیت چٹرجی اور رنجیت ملک بھی شامل ہوئے ۔ ادھیکاری نے کہا کہ بنگالی سنیما کے عظیم اداکار اتم کمار کی پیدائش کی صدی کے موقع پر تیار کیے جا رہے اس مجوزہ مرکز کے تین حصے ہوں گے ۔ پہلے حصے میں مجموعی طور پر 750 نشستوں کی گنجائش والے دو سنیما ہال ہوں گے ، اس کے علاوہ ایک پیش نظارہ تھیٹر، فوڈ کورٹ اور پارکنگ کی سہولت بھی ہوگی۔ دوسرے حصے میں ثقافتی پروگراموں کے لیے 1,000 نشستوں والا آڈیٹوریم اور ایک کھلے آسمان تلے تھیٹر ہوگا، جبکہ تیسرے حصے میں اینیمیشن، بصری اثرات، گیمنگ، کامکس، ایکسٹینڈڈ ریئلٹی اور فلم کے بعد از تیاری کے کام کے لیے تجربہ گاہیں اور اسٹوڈیوز ہوں گے ۔ اسے میڈیا اور تفریحی صنعت کے لیے ایک خصوصی سہولت کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔