درست تفصیلات درج کروانے عوام سے اپیل ، ضلع کلکٹر کی پریس کانفرنس
محبوب نگر ۔5 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جامع سروے کیلئے ضروری اور اطمینان بخش انتظامات کرلئے گئے ہیںجو 6 نومبر سے شروع ہونے والا ہے ۔ یہ وضاحت ضلع کلکٹر وجیندرا بوئی نے کی۔ وہ ضلع کلکٹریٹ میں پریس کانفرنس سے مخاطب تھیں۔ انھوں نے کہاکہ سروے کی شروعات گھرانوں کی فہرست کے لحاظ سے کی جائے گی ۔ جس کیلئے انیومریٹرز ضلع کے تمام مکانات کا دورہ کریں گے۔ پہلے مرحلہ میں مکانات کی فہرست ، خاندان کے سربراہ اور پتہ کی تفصیلات درج کئے جائیں گے ۔ دورہ کئے گئے مکانات پر اسٹیکر چسپاں کیا جائے گا ۔ اس کام کیلئے ضلع کو (2253) اینومریشن بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اوسطاً 150 مکانات کا دورہ کیا جائے گا اور تقریباً (1880) انیومریٹرز کا تقرر کیا گیا ہے جن میں پرائمری اسکولس کے مدرسین ، آنگن واڑی ورکرز، پنچایت سکریٹری اور محکمہ مال کا عملہ شامل رہے گا۔ ہر بلاک کیلئے ایک انیومریٹر اور دس بلاکس پر ایک سوپر وائزر مقرر کیا گیاہے جن کی تربیت کا کام جاری ہے ۔ اساتذہ اسکول کے بعد سروے کریں گے ۔دیگر اسٹاف اپنے اوقات کے لحاظ سے سروے کریں گے ۔انھوں نے توقع ظاہر کی کہ 10 تا 15 دن میں یہ کام مکمل ہوجائیگا ۔ کلکٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے آدھار اور راشن کارڈز کی صحیح تفصیلات درج کروائیں کیونکہ درج کردہ ڈاٹا آئندہ سرکاری فلاحی اسکیمات کیلئے کام آئے گا ۔ ان تمام تفصیلات کو ایک پورٹل میں محفوظ کردیا جائے گا ۔انھوں نے بتایا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت کے تحت ضلع کے نوجوانوں کے لئے اسپیشل ووٹر رجسٹریشن مہم جاری ہے ۔ ایسے نوجوان جو یکم جنوری 2025 ء تک 18 سال مکمل کرلیں گے وہ 28 نومبر تک فارم 6 کے ذریعہ ووٹر رجسٹریشن کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ ضلع میں لینڈ ریگولر ائزیشن اسکیم (LRS) کے زیرالتواء درخواستوں کی یکسوئی کیلئے بھی خصوصی مہم جاری ہے ۔ (98220) زیرالتواء درخواستوں میں سے (17000) کی یکسوئی ہوچکی ہے ۔ ضلع انتظامیہ نے مکانات کے مالکین سے درخواست کی ہے کہ وہ بعجلت ایل آر ایس کے حل میں حصہ لیں ۔ پریس کانفرنس میں لوکل باڈیز کے ایڈیشنل کلکٹر شویندر پرتاپ ، ڈی پی آر او سرینواس و دیگر موجود تھے ۔