محرم کے انتظامات پر وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کا اعلیٰ سطحی اجلاس

   

برقی، پانی کی مؤثر سربراہی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور صحت و صفائی کے انتظامات کی ہدایت
حیدرآباد 10 جون (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر جو حیدرآباد کے انچارج وزیر ہیں، آج سکریٹریٹ میں جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے جولائی کے پہلے ہفتہ میں شروع ہونے والے ماہ محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، رکن قانون ساز کونسل بی وینکٹ، رکن اسمبلی راج شیکھر ریڈی، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، ڈاکٹر نثار حسین حیدر آقا، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود یاسمین باشاہ آئی اے ایس کے علاوہ شہر کے عوامی نمائندوں اور شیعہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پونم پربھاکر نے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی کہ ماہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل تمام ضروری اُمور مکمل کرلیں۔ برقی اور پانی کی سربراہی کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور عاشور خانوں کے اطراف صحت و صفائی کے مؤثر انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ اُنھوں نے لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کے لئے پولیس کو بھی چوکسی کا مشورہ دیا۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ عاشور خانوں کے اطراف اور جلوس کے راستوں پر تمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ پرانے شہر کے علاقوں میں ہائی ماسٹ بلبس نصب کئے جائیں تاکہ روشنی کا بہتر انتظام رہے۔ اُنھوں نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو یوم عاشورہ کے جلوس کیلئے ہاتھی کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے جی ایچ ایم سی حکام کو صحت و صفائی کے مؤثر انتظامات کے علاوہ موبائیل ٹائلیٹس کی سہولت فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔ یوم عاشورہ کے جلوس کے موقع پر ٹریفک تحدیدات کے علاوہ پولیس کو چوکسی کی ہدایت دی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ محرم کے دوران مجالس کے اہتمام اور جلوسوں کے انعقاد میں کوئی دشواری نہیں ہونی چاہئے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود یاسمین باشاہ آئی اے ایس نے ہر سال کی طرح مؤثر انتظامات کے لئے تمام محکمہ جات کو گائیڈ لائنس جاری کئے۔ اجلاس میں صدرنشین اُردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبیداللہ کوتوال، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند، منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اشوک ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔1