خلیل احمد اور اویس خان کو فی کس ایک کروڑانعام
نئی دہلی ۔ ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ایک بھی میچ ہارے بغیر عالمی چمپئن بننے والی ٹیم انڈیا پر اب دولت کی بارش ہو رہی ہے۔ بی سی سی آئی نے ٹی 20 ورلڈکپ جیتتے ہی ٹیم انڈیا کے لیے اپنا خزانہ کھول دیا۔ دنیا کے امیر ترین بورڈ نے ٹیم انڈیا کے لیے 125 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ اب ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں کو کتنے پیسے ملنے والے ہیں اور ہیڈ کوچ اور معاون عملہ کو کتنی رقم ملے گی؟ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ورلڈ چمپئن کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ سے دگنی رقم ملنے والی ہے۔ رپورٹ کے مطابق روہت شرما، ویراٹ کوہلی سمیت ٹیم انڈیا کے 15کھلاڑیوں فی کس 5 کروڑ روپے ملیں گے ہیں۔ ان 15 کھلاڑیوں میں سے 3 ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں ایک بھی میچ میں موقع نہیں ملا۔ یہ کھلاڑی سنجو سیمسن، یوزویندر چہل اور یشسوی جیسوال ہیں۔ بی سی سی آئی نے4 ریزرو کھلاڑیوں کو فی کس ایک کروڑ روپے دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ بی سی سی آئی رنکو سنگھ، شبھمن گل، خلیل احمد اور اویس خان کو بھی ایک کروڑ روپے دے گا۔راہول ڈراویڈ کی کوچنگ میں ٹیم انڈیا نے ورلڈ کپ جیتنے کا قحط ختم کیا اور بی سی سی آئی نے اس لیجنڈ کو ڈھائی کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ نہ صرف ڈراویڈ بلکہ بیٹنگ کوچ، بولنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ سمیت پورے کوچنگ اسٹاف کو بھی 2.5 کروڑ روپے بطور انعام دیا جائے گا۔