محکمہ برقی کے ملازمین کیلئے ایک کروڑ کا اکسیڈنٹ انشورنس : بھٹی وکرامارکا

   

ایس بی آئی سے یادداشت مفاہمت، تعلیمی اور دیگر قرض کے حصول میں سہولت، برقی طلب میں 2000 میگاواٹ کا اضافہ
حیدرآباد 10 جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ محکمہ برقی کے ملازمین کو انشورنس کی فراہمی کے سلسلہ میں حکومت نے بینکرس کے ساتھ یادداشت مفاہمت کی ہے تاکہ حادثات کی صورت میں ملازمین کو ایک کروڑ کا انشورنس فراہم کیا جاسکے۔ بینکرس اور محکمہ برقی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ محکمہ برقی کے 51868 ملازمین کے حق میں حکومت نے تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت نے برقی ملازمین کے لئے ایک کروڑ کے اکسیڈنٹ انشورنس کو یقینی بنایا ہے۔ اِس موقع پر بینکرس کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ حادثات کی صورت میں برقی ملازمین کے افراد خاندان کی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ اُنھوں نے برقی ملازمین کی خدمات کو سراہا اور کہاکہ وہ اپنی زندگی کی پرواہ کئے بغیر عوام کو بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بناتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست کی مجموعی ترقی میں الیکٹرسٹی ڈپارٹمنٹ کا کلیدی رول ہے۔ ڈپارٹمنٹ کے لائن مین سے لے کر صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر تک تمام ملازمین ایک خاندان کی طرح ہیں اور اپنے عہدہ کی پرواہ کئے بغیر اپنی ذمہ داری کی تکمیل کرتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کسی ایک فرد خاندان کو حادثہ ہوتا ہے تو سارا خاندان متاثر ہوجاتا ہے۔ اِس صورتحال سے نمٹنے کے لئے اکسیڈنٹ انشورنس اسکیم متعارف کی گئی۔ اسکیم کے لئے ملازمین کو کوئی رقم ادا کرنی نہیں ہوگی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ ایس بی آئی اکاؤنٹس رکھنے والے ملازمین کو نہ صرف اکسیڈنٹ انشورنس سے فائدہ ہوگا بلکہ وہ شادی اور تعلیم کے لئے قرض حاصل کرپائیں گے۔ حادثہ میں مستقل طور پر معذوری کی صورت میں 80 لاکھ روپئے معاوضہ دیا جائے گا۔ قدرتی موت کی صورت میں 10 لاکھ روپئے تک کا انشورنس رہے گا۔ بھٹی وکرامارکا نے بینکوں سے اپنے دیرینہ روابط کا حوالہ دیا اور کہاکہ 1990ء میں وہ ایک قومیائے ہوئے بینک کے ڈائرکٹر تھے۔ سابق کی طرح تعلیمی اور دیگر قرضہ جات کے لئے بینکرس نے قواعد میں ترمیم کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کئی ملازمین ایسے ہیں جو تنخواہ کے باوجود بچوں کے تعلیمی اخراجات کی تکمیل کے لئے سرگرداں دکھائی دیتے ہیں۔ نئی اسکیم کے تحت ملازمین ایس بی آئی سے تعلیمی اور شادی کا قرض بہ آسانی حاصل کرسکتے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ جاریہ سال برقی کی طلب میں 17162 میگاواٹ کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جو 2023ء کے مقابلہ 2000 میگاواٹ زیادہ ہے۔ حکومت نے نئی گرین انرجی پالیسی کا اعلان کیا ہے تاکہ برقی کے شعبہ میں ریاست کو خود مکتفی بنایا جاسکے۔ تقریب میں اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ برقی سندیپ کمار سلطانیہ، صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ٹرانسکو کرشنا بھاسکر اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1