محکمہ پولیس سے سبکدوش ہوکر ایم ایل سی انتخابات میں مقابلہ کا اعلان: گنگادھر

   

نظام آباد 6/نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع نظام آباد آرمور کے انتہائی غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے گنگادھر اپنی ذاتی دلچسپی محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہوئے محکمہ پولیس میں ملازمت حاصل کی تھی اور ڈی ایس پی عہدے پر خدمت انجام دینے والے گنگادھر اپنی ملازمت سے سبکدوش ہوتے ہوئے گریجویٹ زمرے کے قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ۔گنگادھر کا تعلق آرمور سے ہے اور یہ انتہائی غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ان کے والدین گداگری کیا کرتے تھے اور خود بھی یہ بچپن میں گداگری کرتے ہوئے تعلیم حاصل کرنا ان کا شوق تھا ،خانگی ملازمت کرتے ہوئے اعلی تعلیم حاصل کی اور عثمانیہ یونیورسٹی سے پی جی مکمل کرتے ہوئے 22 سال کی عمر میں سب انسپکٹر کی حیثیت سے ملازمت حاصل کی اور 26 سال تک پولیس میں خدمت انجام دینے کے بعد گنگادھر قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے مقابلہ کرنے کے لیے اپنی ملازمت سے سبکدوش ہوتے ہوئے مقابلہ کرنے کا اعلان کیا۔ پریس کلب نظام آباد میں منعقدہ صحافتی کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے گنگادھر نے یہ نظام اباد عادل آباد کریم نگر میدک گریجویٹ حلقے سے مقابلہ کرنے کا اعلان کیا اور نوجوانوں سے خواہش کی کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے ناموں کا اندراج کراتے ہوئے ان کی تائید کریں کسی سیاسی جماعت کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر گنگادھر نے کہا کہ ابھی تک کسی بھی جماعت سے ربط نہیں پیدا کیا گیا ضرورت پڑنے پر ربط پیدا کروں گا ورنہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرتے ہوئے سماج میں تبدیلی لانے کے لیے کوشش کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔