مدینہ منورہ: معروف برطانوی کمپنی ’ایمپائر سنیماز لمیٹڈ‘ نے سعودی عرب کے شہر مدینہ میں اپنے پہلے ملٹی پلیکس سنیما گھر کا افتتاح کیا ۔ عرب نیوز کے مطابق مدینہ کے الراشد مال میں قائم اس سنیما گھر میں 10 اسکرینیں، 764 نشستیں اور بچوں کے لیے تھیٹر اور کھیل کی جگہ کی سہولت موجود ہے۔ یہ سعودی عرب میں اس کمپنی کے زیرانتظام چلنے والا 10 واں سنیما گھر ہے۔ ’ایمپاپر سنیماز‘ کے چیف ایگزیکٹیو آ فیسر غینو حداد نے کہا کہ ’مدینہ میں ایمپائر سنیما کی شاخ کا کھلنا کمپنی کی تاریخ کا اہم قدم ہے اور ہم مملکت میں اپنی موجودگی کا دائرہ مزید وسیع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ انتہائی جدید آلات سے لیس سنیما گھر نہ صرف مدینہ کے رہائشیوں اور سیاحوں کو تازہ ترین فلمیں دیکھنے کا موقعہ فراہم کرے گا بلکہ یہ سعودی حکومت کے اس شعبے کو فروغ دینے کے ویژن سے بھی بالکل ہم آہنگ ہے۔مملکت نے حالیہ چند برسوں میں انٹرٹینمنٹ کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے۔ رواں برس مئی میں حکومت نے کینز فلم فیسٹیول کے دوران فلم سازی کے شعبے کے لیے 100 ملین ڈالر کے فنڈز کا اعلان بھی کیا تھا۔ سعودی عرب کی وزارت تجارت کے حال ہی میں سامنے آنے والے اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب کی سنیما انڈسٹری میں 2023 کی دوسری سہ ماہی میں گذشتہ برس کے بہ نسبت 30 فیصد ترقی ہوئی ہے۔ مدینہ ملٹی پلیکس سعودی عرب میں رواں برس کھلنے والا دوسرا سنیما گھر ہے۔ اس سے قبل ریاض میں اس کمپنی نے سنیما گھر کا افتتاح کیا تھا۔ اس وقت سعودی عرب میں ایمپائر سنیماز کی 112 اسکرینوں سے فلم بین محظوظ ہو رہے ہیں۔