مذہبی خبریں

   

قرآن مجید انسانیت کیلئے مکمل قانون، حضور ؐ کی محبت ہی نجات کا ذریعہ
چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ پر لیلۃ القدر و تحفظ ناموسِ رسالت ؐ کانفرنس، علامہ محمد شہریار رضا خان، مفتی محمد گلفام رضا قادری علامہ سید شاہ عبدالمعز حسینی قادری شرفی کے خطابات
حیدرآباد۔ 28 مارچ (راست) ماہِ صیام رمضان المبارک کی عظمت اور اُس کی فضیلت سے ہر مسلمان واقف ہے۔ اس ماہ کو جہاں صبر کا مہینہ کہا جاتا ہے وہیں ایثار و وفا و احساس کا مہینہ اس لئے کہا جاتا ہے کہ اس ماہ میں رب تعالیٰ اپنے بندوں پر بے پناہ احسان و کرم فرماتے ہیں نیز اس ماہ میں ایک نیکی کا ثواب ستر گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ رب تعالیٰ نے اپنے حبیب پاک ؐ پر کئی احسانات فرمائے ہیں لیکن ان میں سب سے بڑا احسان ماہِ رمضان المبارک کا عطا کرنا ہے جس میں بندوں کی ہدایت و اصلاح، تربیت و آخرت کی تیاری اور مغفرت و نجات کا سامان ہے۔ یہ عظیم ماہ صرف اور صرف امت محمدیہ ؐ کو نصیب ہوا ہے کیونکہ رب تعالیٰ جہاں اپنے حبیب محمد عربی ؐ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں وہیں اپنے محبوب ؐ کی اُمت سے محبت کرتے ہیں اور اس ماہ مبارک کی فضیلت میں یہ بھی شامل ہے کہ اس میں قرآن مجید کا نزول ہوا۔ رب تعالیٰ نے اپنے محبوب محمد عربی ؐ پر اس ماہ کی عظیم شب یعنی لیلۃ القدر میں قرآن پاک کو نازل فرمایا۔ یہی وہ قرآن ہے جو ساری انسانیت کے لئے ہدایت کا واحد راستہ اور سرچشمہ ہے اور جو مکمل دستورِ حیات اور مکمل قانون ہے۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی عظیم الشان تئیسویں لیلۃ القدر کانفرنس و تحفظ ناموس رسالت ؐ 27 مارچ 2025 بروز ہفتہ بعد نماز تراویح گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ سے پہلے مہمان مقرر مفکر اسلام، خطیب الہند علامہ محمد شہریار رضا خان ( پورنیہ، بہار) نے کیا۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) نے مہمان مقررین کو استقبال کیا۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری کلیم الدین حسان کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ بارگاہِ رسالتمآب ؐ میں محمد ابراہیم، محمد صدیق نے ہدیہ نعت پیش کی۔ کانفرنس کی قیادت مولانا سید محمد رفیع الدین حسینی رضوی قادری شرفی، نگرانی جناب محمد شوکت علی صوفی کریں گے۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے حکیم ایم اے ساجد قادری ملتانی، ڈاکٹر حیدر یمنی، ڈاکٹر مجیب شاہد، ڈاکٹر محمد عظیم برکاتی (ایڈوکیٹ)، ڈاکٹر سید خالد، ڈاکٹر سید قمر قادری، ڈاکٹر غوث قادری، جناب سید اعزاز محمد قادری نے شرکت کی۔ مولانا نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان المبارک جہاں روحانی و ایمانی فیوضات حاصل کرنے کا سرچشمہ ہے وہیں کئی جسمانی بیماریوں سے نجات اور خصوصاً کینسر کی بیماری سے بچنے کا سب سے بہترین علاج ہے۔ سرزمین فلسطین معصوم و مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر جس طرح یہود و نصاریٰ کی جانب سے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں اور معصوم بچوں، مرد اور عورتوں کو شہید کیا جارہا ہے، یقینا اللہ تعالیٰ ان سے ضرور کا بدلہ لے گا اور لیا بھی جارہا ہے کیونکہ آج امریکہ اور اسرائیل دنیا بھر میں رسوائی و ذلت کا سامنا کررہے ہیں۔ شعلہ بیان مقرر حافظ و قاری مفتی محمد گلفام رضا قادری (رامپور، اترپردیش) نے کہا کہ ماہِ رمضان المبارک رحمتوں برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے جس کی فضیلت کا عالم یہ ہے کہ اس کے پہلے عشرہ کو رحمت دوسرے عشرہ کو مغفرت اور تیسرے عشرہ کو نجات کا مہینہ کہا گیا ہے۔ آج مسلم نوجوان لڑکے و لڑکیاں اس اہمیت والی لیلۃ القدر کو آدھی رات کو بازاروںمیں گھومنے اور شاپنگ کرنے کے بہانے اپنی زندگی میں رب تعالیٰ کی جانب سے عطا کی گئی مغفرت و نجات کی عظیم رات کو کھوچکے ہیں۔ مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی (نائب صدر رحمت عالم کمیٹی) نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ محمد عادل اشرفی، محمد عبدالکریم رضوی، محمد عظیم برکاتی (ایڈوکیٹ)، محمد عبدالمنان عارف قادرری، سید لئیق قادری نے انتظامات کئے۔

لیلتہ القدر میں عبادت پر ہزاروں مہینوں کا ثواب،قلی قطب شاہ اسٹیڈیم پر جلسہ شب قدر
مولانا محمد اسحاق چینگ ،مولانا شمیم الزماں قادری،مولانا فیضان رضا نوری اور دیگر کی مخاطبت
حیدرآباد۔28مارچ(پریس نوٹ) مولانا محمد اسحاق چینگ نقشبندی (چین) نے کہا کہ ماہ رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے۔شب قدر ہزار مہینوں سے افضل ہے۔وہ بزم رحمت عالم کی جانب سے قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں منعقدہ عظیم الشان جلسہ شب قدر سے خطاب کر رہے تھے۔مولانا محمد اسحاق چینگ نے کہا کہ ہندوستان میں ان کی پیدائش ہوئی۔ان کے والد دلائی لامہ کے ساتھ ہندوستان آئے۔ مولانا نے کہا کہ ان کی ابتدائی تعلیم ہندوستان میں ہوئی۔ 25 برس کی عمر میں وہ چین گئے۔ان کے دادا سلسلہ نقشبندیہ کے بلند پایہ عالم دین رہے۔ان کی خانقاہ کو چین میں میوزیم بنایا گیا۔ مولانا نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل آوری کے ذریعہ ہی ہم دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں-مولانا نے چینی زبان میں بھی تقریر کی۔سرزمین دکن پر شاید یہ پہلا موقع تھا کہ چینی زبان میں بھی مدحت رسول بیان کی گئی۔مسلمان’ ماہ صیام کے آخری ایام کو غنیمت جانیں اور عبادتوں و اذکار میں مصروف ہوجائیں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ کا احسان عظیم ہے کہ پروردگار عالم نے ہمیں لیلتہ القدر جیسی رات نصیب فرمائی۔لیلتہ القدر میں عبادت پر ہزاروں مہینوں کا ثواب ہے۔جلسہ کی صدارت صدر بزم رحمت عالم جناب ایم اے مجیب ایڈوکیٹ ہائی کورٹ نے کی جبکہ حافظ محمد مظفر حسین خان قادری بندہ نوازی نے نگرانی کی۔ مولانا فیضان رضا نوری (اترپردیش) نے کہا کہ مسلمان نمازوں کی پابندی کریں۔اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق پیدا کریں۔مولانا نے کہا کہ موجودہ حالات مسلمانوں کیلئے صبر آزما ہے۔مسلمان دنیا اور آخرت میں کامیابی و کامرانی کے حصول کیلئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں۔مولانا نے کہا کہ ماہ صیام کے دوران مسلمان جس طریقہ سے نمازوں کی پابندی کئے ہیں غیر رمضان میں بھی اسی طرح نمازوں کی پابندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرائی کے ذریعہ ہی ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں ۔ مولانا شمیم الزماں قادری شیر بنگال نے کہا کہ ماہ رمضان بابرکت ہے۔ماہ صیام کے فیوض و برکات کے حصول کیلئے مسلمان کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ قرآن مجید ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔قرآنی تعلیمات پر عمل پیرائی کے ذریعہ ہم تمام محاذوں پر کامیاب ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذہب اسلام آفاقی ہے۔دشمنان اسلام کتنی ہی سازشیں کیوں نہ کرلیں مسلمانوں اور اسلام کا کچھ بگاڑ نہیں سکتے۔مذہب اسلام اپنی حقانیت کے باعث ساری دنیا میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان بالحضوص نوجوان عمل کے ذریعہ اسلام کی حقانیت کو اغیار کے سامنے پیش کریں۔مولانا شمیم الزماں نے کہا کہ مسلمان کلمہ کی اساس پر متحد ہوجائیں اور باطل طاقتوں کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنائیں۔نگران جلسہ حافظ محمد مظفر حسین خان قادری بندہ نوازی نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ کا احسان عظیم ہے کہ ہمیں امت محمدیہ میں پیدا فرمایا۔انہوں نے کہا کہ شب قدر ہزاروں مہینوں سے افضل ہے۔آج کی رات عبادت پر ہزاروں مہینوں کا ثواب ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان قریب الختم ہے۔مولانا مشہود عالم اشرفی اور مولانا مولانا سید احمد غوری نقشبندی نے بھی خطاب کیا-آخر میں مولانا شمیم الزماں قادری نے قبلہ اول بیت المقدس مسجد اقصیٰ کی بازیابی ‘ عالم اسلام کے مسلمانوں کے تحفظ اور دنیا و آخرت میں کامیابی کیلئے رقت انگیز دعا کی گئی۔

قبلہ اول مسجد اقصیٰ سے مسلمان روز قیامت تک وابستہ رہیں گے
اسرائیل کی فلسطین پر بربریت کے خلاف احتجاج ، مسجد اختری میں جلسہ یوم قدس ، مولانا سید متین علی شاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( راست ) : مسلمانوں کا قبلہ اول مسجد اقصیٰ جس سے مسلمانوں کی روز قیامت تک وابستگی برقرار رہے گی ۔ آپؐ نے اسی مسجد اقصیٰ سے معراج کے سفر کا آغاز کیا ۔ آج یہ قبلہ اول اسرائیل کے قبضہ میں ہے ۔ مسجد اقصیٰ وہ مسجد ہے جہاں کئی انبیاء و رسل نے نمازیں ادا کیں ۔ فلسطینی عوام جس طرح جدوجہد کررہے ہیں اور جس درد و کرب میں مبتلا ہیں اس کو دنیا محسوس کررہی ہے اس لیے کہ مسلمان ایک جسم واحد کی طرح ہے ۔ موجودہ حالات کے تناظر میں مسلمان اسرائیلی اشیاء کا مکمل بائیکاٹ کریں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید متین علی شاہ قادری خطیب عیدگاہ گنبدان قطب شاہی و صدر آل انڈیا قرات اکیڈیمی نے مسجد اختری دلاور شاہ نگر قلعہ گولکنڈہ میں بعد نماز جمعہ خطاب کررہے تھے ۔ جلسہ یوم قدس میں آج مسجد اختری میں مسلمانوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی ۔ مولانا سید متین علی شاہ قادری نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ ہندوستانی مسلمان فلسطینی مسلمانوں کے دکھ و درد میں شامل ہے ۔ اسرائیل نے حد کردی کہ وہ رمضان المبارک میں بھی بمباری کرنے سے گریز نہیں کیا جب کہ مسلمان حالت روزہ میں رہا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی بازیابی کے لیے جب جب ضرورت پڑے گی مسلمانان ہند اپنی تمام تر دلجوئی کے ساتھ اپنی آواز کو بلند کرتے رہیں گے ۔ اس جلسہ کے دوران نوجوان ، طلباء ، بڑے اور بوڑھے حضرات نے بھی اسرائیل مردہ باد ، دشمنان اسلام مردہ باد کے نعرے لگائے اور اپنے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھے دیکھے گئے ۔ مولانا سید متین علی شاہ قادری نے ٹامل ناڈو نے وقف ایکٹ میں مرکزی حکومت کی مجوزہ ترامیم کے خلاف کہا کہ یہ سیاہ بل دشمنان اسلام بل ہے جس کے ذریعہ مساجد مدارس قبرستان اور اوقافی املاک و جائیدادیں خطرہ میں رہیں گی ۔ ایسے میں مسلمان اپنے میں سنجیدگی پیدا کرتے ہوئے شعور کو بیدار کریں اور سختی کے ساتھ رد کرتے ہوئے اس کی آئینی ، دستوری ، طور پر مخالفت کی جائے ۔ مولانا متین علی شاہ نے موجودہ حالات کے تناظر میں یہ بھی کہا کہ مسلمان مقامی مساجد میں نماز عید ادا کرنے کے بجائے عیدگاہوں کا رخ کریں اس لیے کہ وقف ترمیمی بل قبرستانوں و جائیدادوں کے ساتھ عیدگاہوں اور اس سے متصل اراضی پر نظر رکھے ہوئے ہے جب کہ ضعیف اور عمر رسیدہ مسلمان محلہ واری مساجد میں نماز عید ادا کریں حالانکہ نماز عید ، عیدگاہ میں ادا کرنا سنت نبویؐ ہے ۔۔

جلسہ شب قدر سے حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد 28مارچ ( راست ) ۔ حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کلیتہ البین (جامعۃ المؤمنات) مغلپورہ میں منعقدہ مرکزی جلسہ شب قدر سے خطاب کرتے ہوئے بتلایا کہ لیلۃ القدر بخشش و مغفرت اور توبہ و استغفار کی رات ہے اور ناامیدی و مایوسی کو ختم کرنے کی رات ہے۔دین اسلام میں تمام عبادات کا مقصود، اللہ رب العزت کی اطاعت و بندگی ہے جس سے اسلام اپنے پیروکاروں کو ظاہرو باطن کی روشنیوں سے منور کرتا ہے۔ وہ جہاں ہر فرد کے اندر پاکیزگی، طہارت اور تقویٰ و پرہیزگاری کے اوصاف دیکھنا چاہتا ہے وہاں ان کے ظاہرو باطن پر انسانی معاشرے کی اقدار کی عظیم بنیادیں بھی استوار کرنا چاہتا ہے۔

جلسہ تلاش شب قدر
حیدرآباد۔/28 مارچ، ( راست ) جلسہ تلاش شب قدر 29 مارچ بروز ہفتہ بعد نماز تراویح جامع مسجد اہل سنت والجماعت چلکل گوڑہ سکندرآباد میں مقرر ہے۔ نماز عشاء 9 بجے ہوگی۔ نگرانی محمد حسن الدین، زیر انتظام محمد حسین عرف منا بھائی نائب صدر مسجد ہذا کریں گے۔ قرأت کلام پاک حافظ محمد شاکر الدین پیش کریں گے۔ محمد معراج احمد نعت شریف سنائیں گے۔ حافظ و قاری عبدالصمد قادری امام و خطیب جامع مسجد زورآور خاں عابڈس اور مولانا احمد سعادت علی شاہ قادری خطیب مسجد محمدیہ ضلع ونپرتی کے خطابات ہوں گے۔

شب قدر خیروبرکت والی رات
جلسہ شب قدر سے مفتیہ رضوانہ زرین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( راست ) ۔ مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل نے جامعۃ المؤمنات مغلپورہ میں جلسہ شب قدر برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام کی راتوں میں ایک اہم ترین قدر منزلت اور خیروبرکت والی رات شب قدر کہلاتی ہے ، قرآ ن مجید میں اسکو ہزار مہینوں سے افضل بتایا گیا ہے ہزارمہینوں کے تراسی برس چار مہینے ہوتے ہیں، وہ شخص کتنا خوش نصیب ہے کہ جسکو اس رات کی عبادت نصیب ہوجائے اس نے تراسی سال چارماہ سے زیادہ زمانہ عبادت میں گذاردیا، شب قدر کی عظمت کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے اپنے مقدس کلام کے نزول کیلئے اس شب کو منتخب فرمایا۔جلسہ کا آغاز حافظہ ثریدہ عذرین مؤمناتی کی قرأت ، مفتیہ حافظہ رمیصاء افشین کی نعت شریف سے ہوااس موقع پر مفتیہ تہمینہ تحسین ، مفتیہ رضیہ شمس الدین مؤمناتی شریک رہے ۔ جلسہ کے اختتام پر مفتیہ حافظہ رمیصاء افشین مؤمناتی کو تہنیت پیش کی گئی ۔