حیدرآباد11دسمبر(یواین آئی) آندھرا پردیش کے سابق وزیراعلی واپوزیشن لیڈر این چندرابابونائیڈو نے آرٹی سی کرایوں میں اضافہ پر وائی ایس آرکانگریس زیرقیادت حکومت پر شدید برہمی کااظہار کیا۔انہوں نے ریمارک کیا کہ مرضی کے مطابق حکومت نے آرٹی سی کرایوں میں اضافہ کیا ہے ۔انہوں نے اسمبلی اجلاس کے باوجود ایوان میں ان کرایوں میں اضافہ کے لئے رائے نہ لینے پر بھی حکومت پر شدید برہمی ظاہر کی۔ان کرایوں میں اضافہ کے خلاف چندرابابو کی قیادت میں اصل اپوزیشن تلگودیشم کے ارکان اسمبلی نے سکریٹریٹ کے فائر اسٹیشن کے قریب احتجاج کیا۔تلگودیشم کے ارکان اسمبلی اور لیڈروں کے ہاتھ میں پلے کارڈس تھے جس میں تلگو زبان میں لکھا گیا تھاکہ اضافی شدہ بس کرایوں کو فوری کم کیاجائے ۔ ایک پلے کارڈ پر تحریر تھا کہ آرٹی سی کرایوں میں اضافہ کے ذریعہ جگن (وزیراعلی)نے ایک اور دھوکہ دیا ہے ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چندرابابو نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی اور کونسل میں ارکان کو اعتماد میں لئے بغیر یہ اضافہ مرضی کے مطابق کیاگیا ہے جو افسوسناک ہے ۔انہوں نے کہاکہ آرٹی سی کرایوں میں کیوں اضافہ کیاگیا یہ بھی نہیں بتایاگیا ہے ۔انتخابات سے پہلے ایک وعدہ کیا گیا تھا کہ کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کو (سورگ)جنت دکھائیں گے لیکن اب عوام کو(نرک) دوزخ دکھائی جارہی ہے ۔انہوں نے اس اضافہ کی مذمت کی۔