آندھراپردیش کی ہمہ جہتی ترقی کی ستائش، اٹل بہاری واجپائی کے مجسمہ کی نقاب کشائی
حیدرآباد ۔ 25۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے امراوتی میں چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی ۔ شیوراج سنگھ چوہان سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب میں شرکت کے لئے امراوتی پہنچے۔ چندرا بابو نائیڈو نے انہیں آندھراپردیش میں زرعی شعبہ اور خاص طور پر کسانوں کی ترقی کی اسکیمات سے واقف کرایا اور مرکزی حکومت سے تعاون کی اپیل کی ۔ انہوں نے زرعی شعبہ کی اسکیمات پر مشتمل رپورٹ مرکزی وزیر کے حوالے کی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے پر حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے، لہذا مرکزی حکومت کو اسکیمات میں حصہ داری ادا کرنی چاہئے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے مختلف زرعی پیداوار کی حوصلہ افزائی کیلئے مرکز کی جانب سے علحدہ بورڈ کے قیام کی سفارش کی ۔ شیوراج سنگھ چوہان نے آندھراپردیش کی ترقی کو سراہا اور کہا کہ چندرا بابو نائیڈو حکومت وکست بھارت 2047 کے نظریہ کے تحت پیشرفت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کو خوشحال ریاست میں تبدیل کرنے کے لئے چندرا بابو نائیڈو نے سنہرے آندھراپردیش کا نظریہ پیش کیا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ گڈ گورننس کے نظریہ کے ساتھ ان کی حکومت عوام کی بھلائی اور ریاست کی ترقی کے اقدامات کر رہی ہے۔ واجپائی کی یاد میں امراوتی میں میموریل پارک کی تعمیر کا اعلان کیا۔ چندرا بابو نائیڈو اور شیوراج سنگھ چوہان نے سابق وزیر اعظم کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ 1
