بنگلورو، 13 جون (یواین آئی) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے مرکزی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ریاست کے آم کے کسانوں کی مدد کے لیے فوری مداخلت کرے جو بازار کی قیمتوں میں تیزی سے گراوٹ کی وجہ سے شدید مالی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کو لکھے خط میں ’توتا پری‘ آم کی قیمتوں میں تیزی سے گراوٹ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس گراوٹ کی وجہ سے کاشتکار کاشت کے اخراجات بھی وصول نہیں کر پا رہے جس کی وجہ سے آم کی کاشت اب گھاٹے کا سودا بن چکی ہے ۔سدارامیا نے مرکز کی قیمت کے فرق کی ادائیگی (پی ڈی پی) اسکیم کے تحت کسانوں کو راحت دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسانوں کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لئے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) اور بازار کی شرحوں کے درمیان فرق کو متوازن کیا جاسکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسانوں کو بہت بڑے بحران کا سامنا ہے ۔ اگر بروقت امداد نہ ملی تو ہزاروں خاندانوں کی روزی روٹی خطرے میں پڑ جائے گی۔