الاٹ کردہ ریاست آندھرا پردیش میں جوائن کریں گے، ابھیشیک موہنتی کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی تکمیل کے بعد ریلیو کیا جائے گا
حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے دو سینئر آئی پی ایس عہدیداروں کو فوری اثر کے ساتھ ریلیو کردیا ہے تاکہ وہ اپنی الاٹ کردہ ریاست آندھرا پردیش میں خدمات کیلئے رجوع ہوجائیں۔ مرکزی وزارت داخلہ نے 19 فروری کو تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی تھی کہ تین آئی پی ایس عہدیداروں انجنی کمار، ابھیلاشا بشٹ اور ابھیشک موہنتی کو فوری طور پر ریلیو کردیں تاکہ وہ اپنے الاٹ کردہ ریاست میں خدمات انجام دینے کیلئے رجوع ہوجائیں۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے انجنی کمار اور ابھیلاشا بشٹ کی خدمات کو آندھرا پردیش سے رجوع کرنے کیلئے دو علحدہ جی اوز 253 اور 254 جاری کئے۔ مذکورہ عہدیداروں کو فوری طور پر آندھرا پردیش میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ تینوں عہدیدار آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد ریاست آندھرا پردیش کو الاٹ کئے گئے تھے لیکن وہ تلنگانہ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل نے الاٹ کردہ ریاست میں خدمات انجام دینے کی پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی جس کے بعد مرکزی وزارت داخلہ نے تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی کہ تینوں آئی پی ایس عہدیداروں کو ریلیو کردیا جائے۔ انجنی کمار تلنگانہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس اور صدر نشین روڈ سیفٹی اتھاریٹی کے عہدہ پر فائز تھے جبکہ شریمتی ابھیلاشا بشٹ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ پولیس اکیڈیمی کے عہدہ پر برقرار تھیں۔ تیسرے عہدیدار ابھیشک موہنتی کمشنر کریم نگر کے عہدہ پر ہیں اور قانون ساز کونسل کے انتخابات کے پیش نظر ضابطہ اخلاق نافذ ہے لہذا ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد انہیں آندھرا پردیش رپورٹ کرنے کیلئے ریلیو کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری نے اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں تلنگانہ میں خدمات انجام دینے والے بعض آئی اے ایس عہدیداروں کو ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل کی ہدایت پر الاٹ کردہ ریاست آندھرا پردیش سے رجوع ہونا پڑا۔2014 میں متحدہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے موقع پر آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کو دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے الاٹ کیا گیا تھا۔ کئی عہدیدار الاٹ کردہ ریاست کے برخلاف خدمات انجام دے رہے تھے اور طویل قانونی جدوجہد کے بعد آخر کار انہیں اپنی الاٹ کردہ ریاست کو واپس ہونا پڑا۔1