منچریال میں ڈاکٹرس کے اجلاس سے ضلع کلکٹر بھارتی ہولیکری کا خطاب
منچریال ۔ 31 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع منچریال کے پرائمری ہیلت سنٹرز اور گورنمنٹ ہاسپٹل میں ڈاکٹرز ، عملہ اور اے این ایم ، مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے انہیں معیاری طبی خدمات فراہم کرتے ہوئے ہمیشہ دستیاب رہیں ۔ یہ بات ضلع کلکٹر منچریال مسرز بھارتی ہولیکری نے ٹرینی کلکٹر مسٹر دیپک کمار کے ساتھ ملکر ڈی ایم اینڈ ایچ او منچریال مسٹر ڈاکٹر بھشما اور ضلع کے ڈاکٹرز کے جائزہ اجلاس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری ہیلت سنٹرز کے ڈاکٹرز اور عملہ بائیو میٹرک نظام اور نقل و حرکت رجسٹر پر عمل آوری کریں اور کہا کہ یکم ستمبر سے عمل آوری کی جائے گی جو کوئی بائیو میٹرک پر عمل نہیں کریں گے ان کی تنخواہ روک دی جائے گی ۔ فارماسسٹ دستیاب نہیں رہنے پر اس کی ذمہ داری اسٹاف نرس کو دی جائے گی ۔ ہر ایک پرائمری ہیلت سنٹر پر مریضوں کیلئے بی پی ، شوگر اور کینسر جیسے امراض کی جانچ کی سہولت دستیاب رہے گی اس خصوص میں تفصیلات درج رجسٹر کرتے ہوئے آن لائن میں بھی دستیاب رکھنے کی ڈاکٹروں کو ہدایت دی ۔ اس اجلاس میں ضلع کے ہیلت عہدیدار کے علاوہ ڈاکٹرز ، اے این ایم ، دیگر طبی عملہ نے حصہ لیا ۔
