مزدوری کرنے والے پہلوان سنی جادھو نے جیتا نقرئی تمغہ

   


جالندھر: اپنے گھر کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مزدوری کرنے والے مدھیہ پردیش کے پہلوان سنی جادھو نے لوولی پروفیشنل یونیورسٹی میں دو روزہ سینئر گریکو رومن ریسلنگ چمپئن شپ کے پہلے ہی دن آج نقرئی تمغہ جیت لیا۔ چمپئن شپ میں مختلف ریاستوں کے 300 سے زائد پہلوانوں نے شرکت کی ۔مدھیہ پردیش کے سنی جادھو نے 60 کلوگرام کے مقابلوں میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ انہوں نے سیمی فائنل میں دولت مشترکہ اور سابق قومی چمپئن سرویسز کے گیانیندر کو تکنیکی بنیاد پر شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی جہاں وہ ریلوے کے منیش کمار سے ہار گئے ۔ سنی جادھو ملہارآشرم( اندور )کے ریسلنگ سنٹر میں ہندوستانی اسپورٹس اتھارٹی کے کشتی کوچ ویدپرکاش جاولا،سرور منصوری اور ارجن ایوارڈ یافتہ کرپاشنکر بشنوئی سے ٹریننگ لیتے ہیں۔کچھ دن پہلے کھیلوں کی وزارت نے مدھیہ پردیش کے پہلوان سنی جادھو کو 2.5 لاکھ روپئے کی مالی مدد کی منظوری دی تھی جو اپنی ضروریات پوری کرنے کے لئے مزدوری کرتے تھے ۔