نئی دہلی، 18 جون (یواین آئی) زراعت و کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ مستقبل کی زرعی پالیسی کسانوں کے مسائل کے حل اور ان کے مشوروں کی بنیاد پر طے کی جائے گی۔چوہان نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں ‘وکست کسان سنکلپ ابھیان’ کے اختتام پر کہا کہ ملک میں 15 دن تک چلنے والی اس مہم کے بعد کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جو مستقبل کی زرعی پالیسی میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھے گی اور زرعی ترقیاتی مراکز کو پہلے سے زیادہ فعال بنایا جائے گا۔وکست کسان سنکلپ ابھیان کو کامیاب قرار دیتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا کہ اب لازمی طور پر زرعی سائنس مراکز کے سائنسدان ہفتے میں تین دن کھیتوں میں جائیں گے اور کسانوں سے بات چیت کریں گے ۔ تحقیق کو کھیتوں سے جوڑا جائے گا۔ ہر ضلع میں زرعی سائنس مرکز کی طرح ایک نوڈل ایجنسی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل پر کام کرنے والے تمام مرکزی محکموں کا ایک ساتھ کام کرنا ضروری ہے اور اس کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔