مسجد میں لاوڈ اسپیکر کا استعمال ،امام کیخلاف مقدمہ

   

پیلی بھیت: اترپردیش کے ضلع پیلی بھیت میں جہان آباد تھانہ علاقے میں ایک مسجد میں انتظامیہ کی اجازت کے بغیر لاوڈ اسپیکر کا استعمال کرنے کے الزام میں امام کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق تھانہ جہان آباد پولیس کے سب انسپکٹر ورون کی جانب سے رپورٹ درج کرائی گئی ہے کہ قاضی ٹولہ کی مسجد میں نماز کے دوران تیز آواز کے ساتھ لاوڈ اسپیکر کا استعمال کیا جارہا تھا۔ پولیس کا دعوی ہے کہ جانچ میں پایا گیا کہ جہان آباد قصبے کے محلہ منہارن کے مولانا اشفاق 28 فروری سے نماز/اذان کے دوران لاوڈاسپیکر کا استعمال کررہے تھے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مولانا اشفاق کو 25 فروری کو ہی ہائی کورٹ اور انتظامیہ کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا تھا۔ ہدایات کے مطابق بغیر متعلقہ افسر کی اجازت کے لاوڈ اسپیکر یا پبلک ایڈرس سسٹم کا استعمال نہیں کیا جاسکتا ہے ۔پولیس کے مطابق مولانا اشفاق جان بوجھ کر ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے ۔ تھانہ پولیس کے مطابق تھانے میں میٹنگ کر کے اس ضمن میں سبھی کو آگاہ کیا گیا تھا۔ پولیس نے پورے معاملے میں مولانا اشفاق کے خلاف متعلقہ دفعات میں مقدمہ درج کیا ہے ۔