حیدرآباد 2 مارچ ( سیاست نیوز ) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون لکشمی بائی جو اپنے بیٹے سے ملاقات کیلئے امریکہ گئی تھی ائرپورٹ پر قلب پر حملہ کی وجہ سے فوت ہوگئی ۔ لنگر حوض علاقہ کی ساکن 70 سالہ لکشمی بائی اپنے بیٹے کے پاس چند دن گذارنے گذشتہ پیر کو شمس آباد ائرپورٹ سے امریکہ روانہ ہوئی تھی ۔ وہ میامی انٹرنیشنل ائرپورٹ پہونچی اور ایک ڈومیسٹک فلائیٹ لینے والی تھی ۔ تاہم ائرپورٹ پر ہی اچانک اس کے قلب پر حملہ ہوا اور وہ گر پڑی ۔ فوری سی پی آر کے باوجود خاتون بچ نہیں پائی اور فوت ہوگئی ۔ چند دن قبل اس کا بیٹا سریدھر امریکہ سے ہندوستان آیا تھا ۔ مہا کمبھ گیا اور وہاں اشنان کے بعد وہ امریکہ واپس ہوگیا تھا ۔ اس نے اپنی والدہ کو امریکہ بلایا تھا ۔ تاہم ائرپورٹ پر ہی اس خاتون کی موت ہوگئی جس پر افراد خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ نعش حیدرآباد لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔