مسعود اظہر پر اقوام متحدہ کے امتناع کی تازہ کوشش

   

اقوام متحدہ ۔ /28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ ، برطانیہ اور فرانس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک تازہ تجویز پیش کی ہے کہ پاکستان نشین دہشت گرد گروپ جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دیا جائے ۔ ایسا کرنے سے مسعود اظہر پر عالمی سفری امتناع عائد ہوجائے گا اور اس کے اثاثہ جات منجمد کردیئے جائیں گے اور اس کے پاس اسلحہ پر پابندی لگادی جائے گی ۔ یہ تجویز چہارشنبہ کو ویٹو اختیار رکھنے والے 15 رکنی سلامتی کونسل کے تین مستقل ارکان نے پیش کی ۔ کونسل کی تحدیدات کمیٹی 10 یوم میں غور کرے گی کہ تینوں ارکان کی پیش کردہ تازہ تجویز پر کیا جائے ۔اقوام متحدہ میں گزشتہ دس سال میں مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی یہ اپنی نوعیت کی چوتھی کوشش ہے ۔ تحدیدات کمیٹی کے تحت اثاثہ منجمد کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام مملکتیں کسی تاخیر کے بغیر فنڈس منجمد کردیں اور ممنوعہ افراد یا اداروں کے اقتصادی اثاثہ جات یا دیگر معاشی وسائل پر بھی پابندی لگادیں ۔