مسلسل تیسرے دن شیئر بازار میں گراوٹ آئی ٹی شعبے میں زبردست فروخت

   

ممبئی، 9 ستمبر (یو این آئی) عالمی منڈیوں سے ملنے والے منفی اشاروں، خام تیل کی قیمتوں میں تیزی اور روپے کی کمزوری کے باعث چہارشنبہ کو ہندوستانی شیئر بازاروں میں زبردست فروخت دیکھی گئی، خاص طور پر آئی ٹی شعبے کے حصص میں نمایاں گراوٹ رہی۔ اہم اشاریوں میں یہ مسلسل تیسرے دن کی گراوٹ ہے ۔ بی ایس ای کا 30 شیئروں والا سینسیکس 361 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 75,216 پر کھلا اور دن بھر منفی دائرے میں رہا۔ آخری گھنٹے میں فروخت مزید تیز ہوگئی اور سینسیکس 813.35 پوائنٹس یعنی 1.08 فی صد گر کر 74,764.23 پر بند ہوا۔ این ایس ای کا نفٹی 50 بھی 203.60 پوائنٹس یعنی 0.86 فی صد گر کر 23,431.50 پر آگیا۔ دونوں اشاریوں کی یہ اس سال 11 جون کے بعد کی کم ترین سطح ہے ۔ شعبہ جاتی اشاریوں میں نفٹی آئی ٹی 3.24 فی صد، رئیلٹی 2.23 فی صد اور مالیاتی شعبہ 1.24 فیصد نیچے رہا۔ دھات کے شعبے میں 1.79 فی صد کی تیزی کے علاوہ دیگر تمام اشاریے خسارے میں بند ہوئے ۔ سینسیکس کی 30 کمپنیوں میں سے 24 کے حصص گرے ، جن میں ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز 4.55 فیصد، انفوسس 4.43 فیصد نیچے رہے۔
، ٹیک مہندرا 3.87 فی صد اور ٹی سی ایس 2.26 فیصد نیچے رہے۔ وسیع بازار میں بھی مجموعی طور پر فروخت کا دباؤ رہا اور نفٹی مڈ کیپ 50 میں 0.55 فیصد جبکہ اسمال کیپ 100 میں 0.48 فی صد گراوٹ آئی۔ دوسری جانب اڈانی پورٹس 3.67 فیصد، ٹاٹا اسٹیل 2.42 فی صد اور ٹرینٹ 1.12 فی صد چڑھے ۔ عالمی سطح پر جاپان کا نکیئی اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ بھی معمولی کمی کے ساتھ بند ہوئے ، جبکہ چین کا شنگھائی کمپوزٹ معمولی اضافے میں رہا۔