مسلمانوں کیساتھ ناانصافی، جمہوری حقوق کی پامالی

   

یاقوت پورہ حلقہ اسمبلی کے امیدوار امجداللہ خان کا انتخابی جلسہ، مجیداللہ خان فرحت کا خطاب

حیدرآباد ۔ 11 نومبر (پریس نوٹ) مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار جناب امجداللہ خان کا حلقہ یاقوت پورہ کے حدودمیں واقع تالاب کٹہ انتخابی جلسہ عام منعقد ہوا جس کو مخاطب کرتے ہوئے صدر مجلس بچاؤ تحریک جناب مجیداللہ خان فرحت نے اس بات پر زور دیا کہ مسلسل ناانصافیوں، جمہوری حقوق کی پامالی، لاکھوں کروڑہا روپئے کی اوقافی جائیدادوں کی لوٹ گاؤں، گاؤں، اضلاع میں ہونے والے مسلمانوں پر مظالم، مسلم اقلیتوں کی پسماندگی اور حکومت کے جھوٹے پروپگنڈوں اور بالخصوص مساجد کی شہادت، بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی ان تمام حالات سے مقابلہ کیلئے ملت مظلومہ کو ایک سنجیدہ، بہادر، خدمت کا جذبہ رکھنے والے جو اپنی خدمات کا ریکارڈ رکھتا پرجادربار کے ذریعہ اپنے امیدوار کو تحریک نے ایسے امیدوار کو تحریک نے نامزد کیا تاکہ آنے والے کل میں کامیابی کے بعد رکن اسمبلی کی حیثیت سے مظلوم، مستحق، بے سہارا عوام کیلئے دستیاب رہے اور مرحوم امان اللہ خان کی طرح رات اور دن حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کی ترقی اور تلنگانہ کے ایک کروڑ مسلمانوں کی آواز بن کر ایوان اسمبلی میں کامیاب نمائندگی کرسکے۔ صدر ایم بی ٹی مجیداللہ خان فرحت نے مزید کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی اور ہندوتوا کے نام جو مسلمانوں پر تصادم اور دہشت گردی مچائی جارہی ہے اس کے خلاف نام نہاد قیادت کے دعویدار بے بس نظر آرہے ہیں۔ آج تحریک اپنے امیدوار کی خدمات اور بانی تحریک غازی ملت کے 25 سالہ خدمات کو عوام کے سامنے رکھتے ہوئے عوام سے ووٹ دینے کی درخواست کرتی ہے تاکہ یہ خدمت کا سلسلہ لامتناہی طور پر جاری رہیں۔ امیدوار یاقوت پورہ اسمبلی حلقہ امجداللہ خاں خالد کے علاوہ سید سلیم و دیگر مرکزی قائدین نے بھی مخاطب کیا۔ جلسہ میں سینکڑوں کی تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔