مشن کاکتیہ پر بی جے پی ہی میں تضاد بیانی

   

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے قائدین جو ریاست کا دورہ کرتے ہیں گرچیکہ مشن کاکتیہ میں کرپشن اور بدعنوانیوں کے الزامات عائد کرتے ہیں تاہم پارلیمنٹ میں وزیر آبی وسائل بشویشور ٹوڈو نے تلنگانہ میں مشن کاکتیہ کو تحفظ آب کے معاملہ میں بہت نمایاں کام قرار دیا ہے ۔ جے پی نڈا اور امیت شاہ نے مختلف موقعوں پر ان کی تقاریر میں حال میں مشن کاکتیہ میں کرپشن ہونے کا الزام عائد کیا ہے ۔ تاہم لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں ٹو ڈو نے کہا کہ پانی ایک ریاست کا معاملہ ہے اور کئی ریاستوں میں تحفظ آب کی فیلڈ میں اچھا اور نمایاں کام کیا گیا ہے جیسے راجستھان میں مکھیا منتری جل سوالمبن ابھیان مہاراشٹرا میں جل یوکت شیبر گجرات میں سوجلم سوفالم ابھیان ۔ تلنگانہ میں مشن کاکتیہ ۔ آندھراپردیش میں نیرو چیٹو ۔ بہار میں جل جیون ہریالی ۔ ہریانہ میں جل ہی جیون ۔ پنجاب میں پانی بچاؤ پیسہ کماؤ اسکیم اور ٹامل ناڈو میں کوڈی مرمت اسکیم ۔ ٹی آر ایس کے کری شنک منے نے ٹوئیٹ کیا کہ ’ بی جے پی کے مرکزی وزراء تلنگانہ آکر ووٹ کی خاطر جھوٹ کہتے ہیں ۔ جب کہ پارلیمنٹ میں حکومت تلنگانہ کے کام کی ستائش کی جاتی ہے ۔ پارلیمنٹ میں آج حکومت ہند نے مشن کاکتیہ کو حکومت تلنگانہ کا ایک اچھا اور نمایاں کام قرار دیا ہے ۔۔