قاہرہ : مصر کے شہر القوصیہ میں المناک ٹریفک حادثے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے جن میں شادی کی تیاریوں میں مصروف دلہن شامل تھی جو اپنے لیے عروسی جوڑا خریدنے جا رہی تھی۔ القوصیہ شہر کے ایک علاقے میں ’پیٹرا اشراف ‘کی شادی کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔ اہل محلہ دلہن کے گھر کو سجانے میں مصروف تھے کہ حادثے کی اطلاع نے انہیں سوگورا کردیا۔العربیہ نے مصری ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا 26 سالہ پیٹرا اشراف اپنی آنکھوں میں مستقبل کے خواب سجائے عروسی جوڑا خریدنے گئی تھی اس بات سے لاعلم کہ آنے والے لمحات میں اس کیلئے کیا لکھا جاچکا ہے۔منی بس اسیوط شہر کے مضافات میں پہنچی تھی کہ اچانک سامنے سے آنے والا ایک ٹرک جس پر سیمنٹ کی بوریاں لدی تھیں ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر منی بس سے ٹکرا گیا۔حادثہ اس قدر شدید تھا کہ بس مکمل طورپر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار 13 افراد ہلاک ہو گئے جن میں پیٹرا اشراف بھی تھی جو اپنے لیے عروسی جوڑا تو نہ خرید سکی مگر کفن میں لپٹی گھر پہنچ گئی۔