مصنوعی ذہانت کا فروغ ‘ ملازمتوں کیلئے خطرہ

   

ZOMATO نے شہر میں عملہ کے 250 ارکان کو چلتا کردیا
حیدرآباد۔یکم۔ستمبر۔(سیاست نیوز) مصنوعی ذہانت پر مشتمل خدمات ملازمتوں پر اب اثر انداز ہونے لگی ہے!ZOMATO نے شہر میں اپنے کسٹمر سپورٹ سسٹم میں برسر خدمت 250 عملہ کو برخواست کرنے کا فیصلہ کرکے انہیں دیگر کمپنیوں یا اداروں میں ملازمت تلاش کرلینے کا مشورہ دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ZOMATO کسٹمر سپورٹ کے میکانزم کو مصنوعی ذہانت سے مربوط کرکے مزید بہتر بنانے اقدامات کے طور پر اس کاروائی سے 250ملازمین اپنی ملازمت سے محروم ہوچکے ہیں لیکن کمپنی نے ان ملازمین کو قوانین کی خلاف ورزی کرکے بے دخل نہیں کیا بلکہ اگسٹ کے مشاہرہ کے علاوہ مزید 4ماہ کا پیشگی مشاہرہ حوالہ کرکے کسٹمر سپورٹ سسٹم کو برخواست کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر میں اس سپورٹ سسٹم میں برسرکار عملہ کی تخفیف کا فیصلہ ان کی تکنیکی صلاحیتوں اور ان میں آرٹیفیشل انٹلیجنس سے متعلق علوم کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمپنی نے جن ملازمین کی خدمات سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے انہیں بذریعہ ای۔ میل مطلع کرکے یہ کہہ دیا گیا ہے وہ اپنی اگسٹ کی تنخواہ کے علاوہ مزید 4 ماہ کی تنخواہ حاصل کرلیں ۔ذرائع کے مطابق 250 عملہ کو بیک وقت برخواست کرنے کے ساتھ ہی ملازمین میں خوف و دہشت پھیل چکی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اگر اسی رفتار سے کمپنی روبوٹک اور مصنوعی ذہانت کی خدمات میں اضافہ کرتی ہے تو بڑی تعداد میں نوجوان بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔ ماہرین کے مطابق مستقبل میں مصنوعی ذہانت سے واقف اور اس کے استعمال میں مہارت حاصل کرنے والے ملازمین کی ہی کمپنیوں میں قدر کی جائے گی جبکہ تکنیکی صلاحیتوں کے حامل نوجوان ہی اپنی خدمات کو بہتر بنا سکتے ہیں اور اگر کوئی روایتی خدمات کے طور پر ملازمت اختیار کرتا ہے تو کسی سرکردہ کمپنی میں انہیں حاصل ہونے والی ملازمت کسی بھی وقت جاسکتی ہے ۔3/k/b
کیونکہ تمام کمپنیاں اپنے اخراجات میں کمی و خدمات میں بہتری کیلئے مصنوعی ذہانت سے متعلق ایسے سافٹ ویئر استعمال پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہیں جو انسان سے زیادہ تیز رفتار خدمات کی بہتر انداز میں انجام دے سکے ۔3/k/b