مظلوم فلسطین کے حقوق کیلئے قانونی لڑائی کی سخت ضرورت

   

انقرہ: فلسطین میں خواتین اور بچوں پر مسلسل مظالم بڑھ رہے ہیں۔ ان کے حقوق کی پاس داری اور تحفظ کے لیے عالمی وکلا اور سماجی کارکنان پر مشتمل ایک ایسی تنظیم کی اشد ضرورت تھی جو ان مظالم کے خلاف حقوق انسانی سے متعلق عالمی منشور کے مطابق آواز بلند کرسکے ۔ ان خیالات کا اظہار تونس کے سابق صدر ڈاکٹر منصف المرزوقی نے انٹر نیشنل مانیٹر آف پیلیسٹینیئن وومن اینڈ چلڈرین رائٹس (راصد) کے افتتاحی پروگرام میں کیا۔ ترکی کے عرس البلاد استنبول شہر میں گذشتہ روز منعقد ہ اس پروگرام میں انہوں نے کہاکہ یہ بہت ہی خوش آئند قدم ہے کہ یہ تنظیم اب باضابطہ طور پر قائم ہوچکی ہے ۔ انھوں نے حقوق انسانی کے لیے سرگرم عالمی تنظیموں کے اتحاد پر بھی زور دیا۔ واضح رہے کہ یہ تنظیم فلسطینی خواتین اور بچوں کے حقوق کے تئیں بیداری لانے کے لیے قائم کی گئی ہے تاکہ مقامی اور بین الاقوامی عدالتوں میں ان مظلومین کے حقوق کی بحالی کے لیے قانونی لڑائی لڑی جاسکے ، ان کے متعلق عالمی معیار کے دستاویز ترتیب دیے جاسکیں، ناحق قید وبند کی صعوبتیں جھیل رہے خواتیں اور بچوں کو قانونی مدد فراہم کی جاسکے۔ اس کانفرنس میں راصد کی صدر اور سماجی کارکن ریم حمدی نے اس تنظیم کے خد وخال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ تنظیم چھ اساسی اراکین پر مشتمل ہے جس کی سرپرستی ڈاکٹر منصف المرزوقی کررہے ہیں۔