نیویارک: امریکی فاکس نیوز نیٹ ورک نے اپنے مشہور اور قدامت پسند اینکر ’’ٹکر کارلسن‘‘ سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ نیٹ ورک نے اپنے بیان میں کہا کہ فاکس نیوز اور ٹکر کارلسن نے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ ہم نیٹ ورک کیلئے ان کی خدمات کیلئے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔نیویارک ٹائمز نے بتایا ہے کہ فاکس نیوز کے سب سے مشہور پرائم ٹائم اینکر ٹکر کارلسن نسل پرستی، خواجہ سراؤں اور دیگر کئی معاملات پر اپنے بیانات کی وجہ سے نیٹ ورک کیلئے اکثر تنازعات اور سر درد کا باعث بن رہے تھے۔نیٹ ورک نے یہ اعلان ڈومینین ووٹنگ ایکوپمنٹ کمپنی کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے میں 787.5 ملین ڈالر ادا کرنے پر رضامندی کے بعد ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں کیا ہے۔ چینل کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے شوز میں سے ایک شو میں ٹکر کارلسن نے 2020 کے انتخابات کے بعد غلط معلومات پھیلانے میں اپنے کردار کے بارے میں بات کی تھی۔کارلسن کو فاکس نیوز کی ایک سابق خاتون پروڈیوسر ایبی گراسبرگ کے ایک مقدمہ کا بھی سامنا ہے۔ گراسبرگ کا دعویٰ ہے کہ کارلسن نے کام کی جگہ پر ان سے بدسلوکی کی اور امتیازی کلچر کو پروان چڑھایا۔