مفت بس سفر اور 10 لاکھ تک کے طبی علاج پر کل سے عمل

,

   

آج سے نئی اسمبلی کا اجلاس ۔ ریاستی کابینہ کے فیصلے ۔ 10 سال بعد کابینی اجلاس کی بریفنگ

حیدرآباد7ڈسمبر( محمد مبشر الدین خرم ) تلنگانہ میں اقتدار کی تبدیلی کے اثرات اور جمہوریت کی بحالی محسوس ہونے لگی ہے ۔ پہلے کابینی اجلاس کے بعد وزراء ڈی سریدھر بابو و پونم پربھاکر نے میڈیا کو اجلاس کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے 2014سے 7 ڈسمبر2023 تک ریاستی معاشی صورتحال اور اخراجات کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ کانگریس کی 6 ضمانتوں میں 2 پر 9 ڈسمبر سے عمل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سونیا گاندھی کی سالگرہ پر حکومت سے 10لاکھ روپئے تک طبی علاج کیلئے راجیو آروگیہ شری اسکیم کے علاوہ خواتین کو مفت بس سفر کی سہولت کا آغاز کردیا جائیگا۔ انہو ںنے بتایا کہ اجلاس میں ریاست کی معاشی حالت کا جائزہ لیا گیا اور 6ضمانتوں پر عمل کیلئے حکام کو منصوبہ بندی کی ہدایات دی گئی ہیں۔ کابینی اجلاس میں وزراء نے ریاست کی ترقی اور جاریہ اسکیمات کے متعلق تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 8 ڈسمبر کو برقی عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کیا اور ہدایت دی کہ وہ صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ڈی پربھاکر راؤ کے استعفیٰ کو منظور نہ کریں اور انہیں 8 ڈسمبر کو اجلاس میں موجودرہنے کی تاکید کی گئی ۔ یہ انکشاف ہوا کہ تلنگانہ میں محکمہ برقی عہدیداروں سے بحران پیدا کرنے سازش کی جا رہی ہے جسے برداشت نہ کرنے اور جائزہ اجلاس سے غیر حاضر عہدیداروں کے خلاف کاروائی ہوگی ۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ نومنتخب ارکان کو حلف کیلئے 9ڈسمبر کو اسمبلی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں محکمہ برقی پر 85 ہزار کروڑ کا قرض کا انکشاف ہوا ہے۔ اجلاس میں چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ ریاست میں 24 گھنٹے برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے اور کسانوں کو سربراہی میں کٹوتی نہ کی جائے۔ وزراء نے کہا کہ محکمہ برقی کے اجلاس میں 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہی پر عمل کا جائزہ لیا جائیگا۔ تمام اسکیمات پر مؤثر عمل کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور 9 ڈسمبر کو سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر 2 ضمانتوں پر عمل کا آغاز کیا جا رہاہے۔ 9 ڈسمبر کو اسمبلی اجلاس میں نومنتخبہ ارکان کے حلف کے بعد اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔ انہوں نے کابینہ میں توسیع پر کہا کہ ہائی کمان اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کا فیصلہ قطعی ہوگا۔ عوام نے تبدیلی کیلئے ووٹ دیا اور کانگریس حکومت آئندہ 5برسوں میں عوام کی خواہش کے عین مطابق تبدیلی کو یقینی بنائے گی۔ صحافیوں نے وزراء سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ طویل مدت کے بعد انہیں سیکریٹریٹ میں کابینہ کی بریفنگ اور وزراء سے سوالات پوچھنے کا موقع ملا ہے ۔