مفت و رعایتی شرحوں پر برقی سربراہی کیلئے 36890 کروڑ سبسیڈی

   


2018 سے 26 لاکھ کسانوں کو مفت سربراہی، برقی کمپنیوں کی 37099 کروڑ سے مدد
حیدرآباد۔/25ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے ریکارڈ عرصہ میں برقی شعبہ کے بحران پر قابو پاکر زرعی شعبہ سے کئے گئے وعدہ کے مطابق 24 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا ہے۔ تلنگانہ ملک کی وہ واحد ریاست ہے جہاں زرعی شعبہ کو مفت سربراہی کے علاوہ دیگر شعبہ جات میں بلاوقفہ برقی سربراہی جاری ہے۔ برقی شعبہ کی کارکردگی پر حکومت کی جانب سے آج ایک تفصیلی نوٹ جاری کیا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت نے 2014-15 سے 2021-22 تک زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہی کیلئے 36890 کروڑ روپئے کی سبسیڈی جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ برقی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو 37099 کروڑ کی مدد دی گئی۔ 2014 میں علحدہ ریاست کے قیام کے بعد چیف منسٹر کے وعدہ کے مطابق گذشتہ 8 برسوں میں کئی اصلاحات نافذ کئے گئے ہیں۔ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست کے قیام کے اندرون چھ ماہ برقی کی صورتحال کو بہتر بناتے ہوئے زرعی شعبہ کو 9 گھنٹے بلاوقفہ سربراہی کا آغاز کیا گیا۔ یکم جنوری 2018 سے 24 گھنٹے مفت سربراہی کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اس اسکیم سے 26.96 لاکھ کسان مستفید ہورہے ہیں۔ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل زرعی شعبہ کو صبح 3 گھنٹے اور رات میں 3 گھنٹے برقی سربراہ کی جاتی رہی۔ 2014 سے آج تک 7.93 لاکھ نئے زرعی کنکشن جاری کئے گئے۔ حکومت نے زرعی شعبہ کو 36890 کروڑ کی سبسیڈی کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ حکومت کے مطابق گزشتہ آٹھ برسوں میں ڈسکامس کو 37099 کروڑ فراہم کئے گئے۔ 2014 سے ٹرانسکو کے ذریعہ 400kv صلاحیت کے 17 سب اسٹیشن قائم کئے گئے۔ 200kv صلاحیت کے 48، 132kv صلاحیت کے 72 اور ڈسکام کے ذریعہ 33/11kv سب اسٹیشن قائم کئے گئے۔ ریاست میں برقی کی طلب 14160 میگاواٹ ہے۔ 2014 میں تلنگانہ میں فی کس برقی کا استعمال 1110 یونٹ تھا جو 2021 میں بڑھ کر 2012 یونٹ ہوچکا ہے۔ ریاست میں سولار برقی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ 2014 میں یہ صلاحیت 73 میگا واٹ تھی جو آج بڑھ کر 4950 میگاواٹ ہوچکی ہے۔ حکومت کے مطابق 101 یونٹ تک برقی کے استعمال پر 596642 ایس سی طبقہ کے استفادہ کنندگان کو مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے جبکہ 321736 ایس ٹی طبقہ کے خاندان اس اسکیم سے استفادہ کررہے ہیں۔ 2017 سے اس اسکیم پر 656 کروڑ خرچ کئے گئے۔ مفت برقی سربراہی اسکیم سے 29365 نائی برہمن اور 56616 لانڈری شاپ مالکین استفادہ کررہے ہیں جنہیں ہر ماہ 250 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ ان شعبہ جات کے علاوہ پاورلومس کو فی یونٹ 2 روپئے سبسیڈی فراہم کی جارہی ہے۔ر