کوالالمپور: ملائشیا کے انسداد بدعنوانی کمیشن کے سربراہ نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم پر جمعہ کو بدعنوانی سے متعلق فرد جرم عائد کی جائے گی۔محی الدین، جو 2020 اور 2021 کے درمیان 17 ماہ تک وزیراعظم رہے، جمعرات کی صبح کمیشن کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے پہنچے تھے۔محی الدین اور ان کی جماعت کو گذشتہ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں سخت مقابلے کے بعد وزیر اعظم انور ابراہیم سے ہارنے کے بعد سے بدعنوانی کی تحقیقات کا سامنا ہے۔وزیراعظم انور نے پچھلے سال محی الدین کے منظور کردہ اربوں ڈالر کے سرکاری منصوبوں بشمول کووڈ – 19 ریلیف پروگرام، پر نظرثانی کا حکم دیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے مناسب طریقہ کار پر عمل نہیں کیا۔محی الدین ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں سیاسی انتقام قرار دے چکے ہیں۔ تاہم ملائشیا کے وزیر اعظم انور نے جمعرات کو میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے محی الدین سے متعلق بدعنوانی کی تحقیقات میں مداخلت نہیں کی۔محی الدین کی جماعت سے تعلق رکھنے والے دو رہنماؤں پر بھی ان کے دور اقتدار میں شروع کیے گئے اقتصادی بحالی کے منصوبے میں رشوت لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔