نئے پولیس اسٹیشنH-Fast کا کمشنر پولیس نے دورہ کیا ۔ عملہ کی ستائش
حیدرآباد۔14اپریل (سیاست نیوز) ملاوٹ شدہ غذائی اشیاء و اجناس کے خلاف شہر میں پولیس کے خصوصی شعبہ کی کارروائیوں کے دوران ماہ فروری سے اب تک جملہ 129 ٹن ملاوٹ شدہ اشیاء ضبط کی گئیں جن میں مختلف غذائی اشیاء شامل ہیں۔ کمشنر پولیس وی سی سجنار نے دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ملاوٹ شدہ اشیاء کے خلاف مہم کیلئے قائم پولیس اسٹیشن H-FAST کا دورہ کرکے عہدیداروں سے ملاقات کی اور ان کی کارروائیوں پر سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ مختصر مدت میں شعبہ کو قومی سطح پر پذیرائی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملاوٹ شدہ اشیاء معاشرہ میں زہر پھیلانے کے مترادف ہے اسی لئے پولیس نے ان سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کرکے ان کی تیاری کرنے والوں کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے جو ملاوٹ شدہ اشیاء سربراہ کرکے عوامی صحت کو متاثر کرنے کے مرتکب ہورہے ہیں۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ شعبہ کا مقصد ملاوٹ سے پاک غذاء کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور اس کیلئے ممکنہ حد تک کارروائیاں انجام دی جار ہی ہیں ۔ اطلاع ملتے ہی کاروائی کرکے ملاوٹ شدہ غذائی اشیاء کو نہ صرف ضبط کیا جار ہاہے بلکہ اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدام کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے H-FAST پولیس میں موجود عملہ کو مشورہ دیا کہ وہ معاشرہ کو صحتمند بنانے کام کر رہے ہیں اسی لئے انہیں پوری دیانتداری اور خلوص کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینا چاہئے تاکہ صحت عامہ کو بہتر بنایا جاسکے۔ مسٹر سجنار نے کہا کہ محکمہ پولیس فوڈ سیفٹی و سیکوریٹی اتھاریٹی کے ساتھ بہتر تال میل سے کام کررہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ آئندہ چند ماہ میں مزید ایسے افراد و تاجروں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے گاجو ملاوٹی اشیاء کی تیاری اور کاروبار میں ملوث ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی اس سلسلہ میں اپنی شکایات ان تک پہنچائیں اور باشعور معاشرہ میں زندگی گذارتے ہوئے ذمہ داری کو پورا کریں تاکہ ملاوٹ شدہ اشیائے تغذیہ کے فروغ پر قابو پایا جاسکے۔ ایچ ۔ فاسٹ کے عہدیداروں کو انہوں نے انتباہ دیا کہ بدعنوانیوں اور لاپرواہی کی شکایات پر ان کے خلاف سخت محکمہ جاتی کاروائی کی جائے گی۔3/k/b